سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کشمیری بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کو بحال رکھنے کیلئے ان پر والدین کے کنٹرول کو نہایت ہی ضروری قرار یا ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز بٹہ مالو حلقہ انتخاب کے یک روزہ دورہ کے دوران یہ بات کہی جس دوران انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول ملرو کی نو تعمیر شدہ عمارت، کا افتتاح بھی کیا۔ ممبر اسمبلی بٹہ مالو نور محمد شیخ، محکمہ تعلیم اور تعمیرات عامہ کے سینئر افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ بخاری نے حلقہ کے مختلف اسکولوں کا معائینہ کر کے وہاں موجود بنیادی سہولیات اور اساتذہ و دیگر عملہ کو درپیش مسائل کا جائزہ بھی لیا۔ملرو ہائی اسکول کی دو منزلہ عمارت CAPEXبجٹ (2015-2016) کے تحت 223.43 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں اور اساتذہ کی مانگ پر وزیر نے موقعہ پر ہی سکول ہذا میں سمارٹ کلاس روم، کچن، لیبارٹری، کمپیوٹر کا کمرہ، لائبریری اور ہربل گارڈن کا اعلان کیا۔انہوں نے کیمونٹی ہال کے دو کمروں کو ہیلتھ سنٹر کے طور پر استعمال کرنے کی بھی منظور ی دی کیوں کہ یہ طبی مرکز ایک غیر محفوظ عمارت سے چلایا جا رہا تھا۔ما بعد بخاری نے ملرو ، مج گنڈ اور ملحقہ علاقہ جات کے کئی تعلیمی اداروں کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے مڈل اسکول خواجہ باغ جو کہ اس وقت تین کمروں سے چلایا جا رہا ہے کیلئے سہ منزلہ عمارت بنانے کی ہدایت دی، اس عمارت میں 9کمرے ہوں گے۔ مدل اسکول چک مج گنڈ میں وزیر موصوف نے تعمیرات عامہ کے افسران کو حکم دیا کہ وہ موجودہ عمارت کی تجدید کاری کا کام فوری طور پر ہاتھ میں لیکن اور اکتوبر تک اس کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ بخاری نے ایری گیشن و فلڈ کنٹرول کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اسکول کے قریب سے گزرنے والی کنال کے گرد خار بندی کریں ۔ بوائز ہائر سکینڈری اسکول مج گنڈ کے دورہ کے دوران وزیر موصوف نے بتایا کہ تعمیر اسکیم کے تحت اسکول کیلئے 2.66کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں جنہیں تین منزلہ دو عمارتوں کی تعمیر کیلئے خرچ کیا جائے گا۔ بخاری نے زیر تعمیر ہسپتال کی عمارت کا بھی جائزہ لیا ، اس عمارت پر 175لاکھ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ، انہوں نے تعمیری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار میں سرعت لا کر مقررہ معیاد کے اندر اسے مکمل کریں۔ وزیر نے گنڈ ہسی بٹ کے لوگوں کے جذبہ ایثار کی ستائش کی جنہوں نے ہائر سکینڈری اسکول کی عمارت کیلئے 2.5کنال زمین کا عطیہ دیا ہے ۔ افسران کو زمین کی خار بندی کرنے کے علاوہ اسکول ہذا کیلئے کمیپوٹر لیب دینے کا اعلان کیا۔ لاوئے پورہ کے دورہ کے دوران بخاری نے ہائی اسکول کا درجہ بڑھا کر اُسے ہائر سکینڈری بنائے جانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تیسری منزل کی تعمیر کیلئے 10لاکھ روپے ریلیز کئے جا چکے ہیں اور اس کی تکمیل کیلئے درکار مزید رقومات بھی عنقریب فراہم کر دی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ وہ اسے جلد از جلد مکمل کر کے محکمہ تعلیم کے حوالہ کریں۔ بخاری نے کہا کہ علاقہ میں تعلیم نسواں کو ترجیح دی جانی چاہئے اور اس میں قابل زکر اضافہ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں کیوں کہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی تعلیم نیز ترقی کے دیگر میدانوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی خواہاں ہیں۔