راجوری+مظفر آباد// لائن آف کنٹرول پر ہندو پاک افواج کے درمیان نو شہرہ سیکٹر میں زبردست گولہ باری سے آر پار ایک خاتون سمیت 2افراد لقمہ اجل جبکہ 3افراد زخمی ہوئے۔راجوری میں کنٹرول لائن کے نزدیک سکولوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔یہ شلنگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لائن آف کنٹرول پر دونوں جانب کشیدہ صورتحال ہیں، پاک بھارت تعلقات کشیدگی میں حالیہ اضافہ اس وقت شروع ہوا جب رواں ماہ بھارت نے پاکستان پر اپنے فوجیوں کو ہلاک کرنے اور ان کی لاشوں کو مسخ کرنے کا الزام عائد کیا۔نوشہرہ سیکٹر میں گذشتہ رات ایک خاتون اُس وقت زخمی ہوگئی جب پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں اور دیہات پر بلااشتعال فائرنگ شروع کی۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی خاتون صبح طبی مرکز میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے گذشتہ رات دیر گئے قریب 10 بجکر 40 منٹ پر ہلکی و خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کے علاوہ 82 ایم یم اور 120 ایم ایم مارٹر گولے داغنے شروع کردیے۔ انہوں نے بتایاطرفین کے مابین گولہ باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ دریں اثنا نوشہرہ سیکٹر میں ہند و پاک افواج کے مابین گولہ باری کے تبادلے کے پیش نظر ضلع راجوری میں ایل او سی کے نزدیک واقع تعلیمی ادارے احتیاطی تدابیر کے طور پر بند کردیئے گئے ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر ایل او سی کے نزدیک واقع تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ ایک تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ادھرپاکستان کے مطابق بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب مختلف علاقوں میں کی جانے والی شلنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔کوٹلی کے ایس ایس پی چوہدری ذوالقرنین سرفراز کے مطابق بدھ کی رات 2 بجے سبز کوٹ گاؤں کے ایک مکان پر گولہ گرا، جس سے مکان میں سوئے ہوئے افراد میں سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ رضوان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والے اہل خانہ میں اس کا 14 سالہ بھائی کامران اور ان دونوں کی دادی ولایت بیگم شامل ہیں۔ایس ایس پی کے مطابق کوٹلی کے کھوئی رتہ سیکٹر کے گاؤں تائین میں بھی ایک اور بزرگ شخص، 75 سالہ راجا عزیز شلنگ سے زخمی ہوا۔چوہدری ذوالقرنین سرفراز کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے شلنگ کا سلسلہ گذشتہ رات بھر جاری رہا جبکہ صبح اس کی شدت میں کچھ کمی آئی۔سماہنی سیکٹر کے پولیس حکام کے مطابق بھمبر ضلع کا یہ حصہ بھی شلنگ کی زد پر رہا تاہم کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔