سرینگر //دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے تنظیم کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور ان کی معاون صوفی فہمیدہ کو لگاتار حبس بے جا میں رکھے جانے کی مذمت کی۔ نسرین نے کہاکہ 16 دن سے آسیہ باجی اور صوفی فہیمدہ کو رام باغ تھانے میں قید رکھا گیا ہے اور اس سے بڑھ کر ظلم کیا ہوگا کہ تین روز قبل عدالت کی طرف ضمانت دئے جانے کے باوجود بھی ان کو رہا نہیں کیا گیا۔ نسرین نے کہا کہ جموں و کشمیر عملاً ایک پولیس ریاست میں تبدیل ہو چکی ہے جس پر راست دلی کا حکم چلتا ہے اور محبوبہ مفتی نام کی وزیر اعلیٰ ہیں۔ نسرین نے کہا کہ آسیہ باجی کی مسلسل گرفتاری کی وجہ سے ان کی طبیعت کافی بگڑ گئی ہے اور تھانے میں ان کو کسی بھی قسم کی طبی سہولیات بہم نہیں۔نسرین نے مسلم لیگ چیئرمین مسرت عالم بٹ پر 35 ویں بار پبلک سیفٹی ایکٹ عاید کئے جانے کی مذمت کی۔