چندی گڑھ // مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ملک کے تمام وزرائے اعلیٰ سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ کشمیری طلباء اور دیگر کام کرنے والے افراد کو بہتر ماحول مہیا کریں کیونکہ حالیہ ایام میں کچھ مقامات پر انہیں ہراساں کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔سنگھ نے یہ مشورہ شمالی ریاستوں کی زونل کونسل میٹنگ کے دوران دیا، جس میں ہریانہ، ہماچل پردیش،جموں و کشمیر،پنجاب، راجستھان،نئی دہلی چندی گڑ ھ شامل ہیں۔انٹر کونسل سیکریٹریٹ کے سیکر یٹری سنجیونی کٹے نے کہا کہ راجناتھ سنگھ نے تمام وزرائے اعلی اور چیف سیکریٹریوں کو مشورہ دیا، جو میٹنگ میں موجود تھے، ’’ وہ کشمیری نوجوانوں کی دیکھ ریکھ کرے، وہ جہاں بھی تعلیم حاصل کررہے ہوں، اتنا ہی نہیں بلکہ انکے ساتھ مناسب رویہ اختیار کیا جائے اور انہیں محسوس کرایا جائے کہ انکی خوش آمد کی جارہی ہے‘‘۔سنگھ نے وزرائے اعلیٰ سے یہ بھی کہا’’ کشمیری ،جہاں کہیں بھی ہوں،کو بہتر ماحول مہیا کیا جائے، چاہے وہ نوکری کررہے ہیں، تعلیم حاصل کررہے ہوں، اُن کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے‘‘۔کٹے نے کہا کہ یہ اہم پیغام تھا جو راجناتھ سنگھ نے وزرائے اعلیٰ کو دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکریٹری کرن اوتار سنگھ نے کہا’’ وزیر داخلہ نے کہا’’ کشمیری کشمیر سے باہر بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کررہے ہیں،خاص کر شمالی ریاستوں میں،کچھ مقامات پر چند واقعات پیش آئے جن کے بارے میں مرکزی حکومت کو بڑی تشویش ہے،اس لئے وزرائے اعلیٰ کی مدد طلب کرلی گئی ہے‘‘۔پچھلے ماہ میوار یونیورسٹی راجستھان میں6کشمیریوں طلباء کی مار پیٹ کی گئی تھی، تاہم بعد میں ملوثین کو گرفتار کیا گیا۔میٹنگ میں راجناتھ سنگھ کے علاوہ،پنجاب کے گورنر،ہریانہ کے وزیر اعلیٰ،دلی کے لیفٹنٹ گورنر،جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ، ہماچل پردیش کے وزیر صحت اور راجستھان کے وزیر قدرتی آبی وسائل شریک ہوئے۔