سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ طلب کرکے لاوڈا کے حدود میں غیر قانونی طور تعمیراتی سامان لے جانے پر روک لگانے کیلئے اقدامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ،وی سی لائوڈا ،سیکریٹری لائوڈا،آئی جی پی کشمیرکے ایس او،ڈپٹی ایس پی ٹریفک ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اوراسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 8پولیس اسٹیشن لائوڈا کے حدود میں آتے ہیں اورسی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے لئے لائوڈا نے 14جگہوں کی نشاندہی کی ہے اوران جگہوں پر یہ کیمرے بہت جلد نصب کئے جائیںگے۔صوبائی کمشنر نے پولیس حکام کو لائوڈا کے لئے 15پولیس اہلکار دستیاب رکھنے کی ہدایت دی جو کہ لائوڈاحدود میں تعمیراتی سامان لے جانے پر روک لگائیں گے۔انہوںنے پولیس اورلائوڈا پر قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے پرزوردیا۔پولیس مختلف جگہوں پر جمع کئے گئے تعمیراتی سامان کی نشاندہی کرے گی جو کہ بعد میں لائوڈا کو مطلع کرے گی تاکہ اس سلسلے میں مناسب کارروائی کی جاسکے۔پولیس آفیسران نے بتایا کہ محکمہ نے لائوڈا حدود میںپہلے ہی 4سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں۔صوبائی کمشنر نے ٹرک اجازت نامے کی 3کاپیاں تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ لائوڈا تعمیراتی سامان لے جانے کے اجازت نامے کا جائزہ لے سکے۔انہوںنے کہا کہ تمام ٹرکوں کو پارکنگ جگہوں پر پارک کیا جانا چاہیے تاکہ ٹریفک جامنگ کو روکا جاسکے۔