سرینگر//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر جہانگیر چوک سے رام باغ تک تعمیر ہو رہے فلائی اوور کے نیچے موجود جگہ کو مؤثر ڈھنگ سے استعمال میں لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے سے اِس جگہ کی جاذبیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔2.5کلومیٹر لمبے اِس فلائی اوور کے نیچے کی جگہ کو بڑھاوا دینے کے عمل کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ فلائی اوور کے مکمل ہونے کے بعد اِس جگہ کو خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر اِرا ، سی ای او اِرا اور انٹیک کے ریاستی کنوینئر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔انٹیک نے مذکورہ جگہ کو استعمال میں لانے کے لئے پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری فراہم کی۔ ریاستی کنوینئر نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک کے فلائی اووروں کی طرح مذکورہ فلائی اوورکے نیچے خالی جگہ کو مؤثر ڈھنگ سے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔وزیر نے اِرا کو فلائی اوور کو جاذبِ نظر بنانے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ جہاں فلائی اوور کے نیچے زیادہ جگہ ہو وہاں آرٹ گیلری اور تقریبات کے لئے ہال بھی تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ وزیر نے کہا کہ مذکورہ فلائی اوور جاذبیت کی ایک مثال خالی جگہ کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلائی اوور سرینگر شہر کے لئے ایک داخلی راستہ ہے ۔اسلئے اِسے جاذبِ نظر بنانا کافی اہم ہے۔