سرینگر// لل دید اسپتال سرینگر کے مین آپریشن تھیٹر میں کل رات اچانک آگ ظاہر ہوئی جس کے نتیجے میں آپریشن تھیٹر کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ آگ کے شعلوں کو دیکھتے ہوئے ہسپتال میں داخل خواتین مریض او دیگر عملہ وارڈوںسے باہر آئے اور جان بچانے کیلئے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے ۔ عینی شاہدین کے مطابق خوف و دہشت کے عالم اسپتال میںزیر علاج خواتین اور تیمار داروں چیختے چلاتے ہوئے باہر آئے ۔عینی شاہدین کے مطابق اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں رکھے گئے گیس سلینڈر وںسے دھماکوں کی آوازیں دور تک سنائی دے رہی تھیں جس کی وجہ سے وہاں افرا تفری کا ماحول تھا۔رات دیر گئے تک ہسپتال کے تھیٹر سے آگ کے شعلے بھڑک رہے تھے تام یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آپریشن تھیٹر کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز نے جائے واردات پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی شروع کی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔لل دید اسپتال کی ڈپٹی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر افرہ شاہ نے کشمیرعظمی کوبتایا کہ اسپتال کے تھیٹر میں آگ لگی ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ آگ سے کتنا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ہے۔