سرینگر// وادی بھر میںشب برات کی تقریبات انتہائی عقیدت و احترام اورتزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی ۔ تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں شب خوانی کا اہتمام کیاگیا ۔ شب برات کی سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں عقیدتمندوں نے شب خوانی کی اور بارگاہ الٰہی میںسربسجو د ہو کر اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی ۔ شب خوانی کرنے والوں میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔درود واذکار کی محفلوں سے حضرت بل کا پورا علاقہ رات بھر گونجتا رہا ۔ اس دوران تاریخی جامع مسجد سرینگرمیں شب برات کی تقریب میں مقررین نے شب برات کی فضیلت پر روشنی ڈالی جسکے دوران ہزاروں فرزندان توحید نے شب بیداری کی اور اللہ کے حضور سربسجودہو کر اپنے گناہوں کی بخشش طلب کی ۔ جناب صاحب صورہ میں بھی شب برات کی تقریب میں لوگ شب خوانی میں محو رہے جسکے دوران علماءنے شب برات کی مناسبت سے روشنی ڈالی ۔حضرت شیخ حمزہ مخدوم ؒ،آستان عالیہ خانیار ،سرائے بالا ، آثار شریف شہری کلاشپورہ ، سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار،اقرا مسجد سرائے بالا ، جامع مسجد قدیم بٹوارہ ، سید عنقبوت ؒ صاحب بٹوارہ ، خانقاہ معلی اور حضرت شیخ نور الدین نورانی ؒ کی زیارت گاہ واقع چرار شر یف ، پنجورہ شوپیان ، تجر شریف سوپور ، بانڈی پورہ ، ہندوارہ ، جامع مسجد کپوارہ کے ساتھ ساتھ وادی کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میں شب خوانی کا اہتما م کیاگیا ۔ درگا ہ حضرت بل اور دوسری مساجد تک جانے والے راستوںمیں چراغاں کیا گیا تھا جبکہ کئی مساجد کو بجلی کے قمقموں سے روشن کیا گیا تھا۔مرکزی جامع مسجد سرینگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس علماءکے امیر میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے نماز عشا کے بعد ہزاروں لوگوں کے سامنے شب برات کی فضیلت، اہمیت اور عظمت و رفعت بیان کرتے ہوئے اس رات کی خصوصیات اور امتیازی اوصاف پر قرآن کریم اور احادیث کے حوالے سے تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی اور اس رات کے احکام اور اعمال کو مفصل انداز میں پیش کیا چنانچہ اس موقعہ پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جب لوگ اجتماعی طور اپنے گناہوں اور غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کیلئے والہانہ انداز میں رو رو کردعائیں مانگ رہے تھے ۔ میرواعظ نے کہا ”ہم جب تک انفرادی اور اجتماعی طور اپنے آپ کو اللہ کے کلام قرآن مجید کے سانچے میں نہیں ڈھالتے اور پیغمبر اسلام کے اسوئہ حسنہ کے ساتھ اپنے آپ کو مکمل طور ہم آہنگ نہیں کرتے تواس وقت تک نہ ہماری اور نہ ہی معاشرے کی اصلاح ہوسکتی ہے اور نہ ہی ہم دین و دنیا کی ترقی حاصل کرسکتے ہیں ۔ خانقاہ معلی میںمولانا رےاض احمد ہمدانی (سرپرست اعلیٰ بقعہ عالےہ ) نے اس شب کی فضلیت بیان کی۔ اس موقعے پر انہوں نے مسلمانوں سے پُرزور اپیل کی کہ وہ قرآن و حدیث کی تعلیمات سے اپنے اولادان کو ابتداءسے ہی آراستہ کریں۔مرکزی جامع مسجد بدرن ماگام مےں علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسےن نے شب برات کی فضےلت پر روشنی ڈالی۔