سرینگر //وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج عبدالحق خان نے منریگا کے تحت بقایاجات کی ادائیگی اور نئے کاموں کیلئے 570کروڑ روپے واگزار کرنے کا حکم جاری کیاہے ۔ منریگا سکیم کی مالی سال 2016-17کی کارکردگی کی جائزہ میٹنگ کے دوران انہوںنے یہ احکامات صادر کئے ۔اس میٹنگ میں ڈائریکٹر دیہی ترقی کشمیر غضنفر علی ،ایڈیشنل سیکریٹری /ممبر سیکریٹری منریگا کے کے سدھااور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجو دتھے ۔اس موقعہ پر حق خان نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر 570کروڑ روپے ریلیز کریں تاکہ اضلاع میں بقایاجات کی ادائیگی ہوسکے ۔بقایات جات کے فوری کلیئرنس اور نئے کام شروع کرنے کیلئے محکمہ نے اضلاع کو570کروڑ روپے دینے کو منظوری دی ہے ۔وہیںضلع افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر بقایاجات ادا کریں ۔محکمہ کی طرف سے فیلڈ ایجنسیوں کے نام جاری ہونے والی یہ سب سے بڑی رقم ہے ۔اس رقم کوجاری کرنے کا مقصد دیہی معیشت کو بڑھاوادینا اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بناناہے ۔