سرینگر// لل دید ہسپتال میں آپریشن تھیٹر میں لگی آگ کے بعد سنیچر کو تھیٹر میں معمول کی طبی سرگرمی بحال کردی گئی ۔گذشتہ رات 8بجے لل دید اسپتال کے مین آپریشن تھیٹر میں رکھے انورٹر میں اچانک آگ نمودار ہوئی تھی ۔جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے احتیاطی طور پر مریضوں کو باہر نکالاتھا مگر آگ بجھانے والے عملے کی بروقت کاروائی سے آگ پر فوراًقابو پالیا گیا ۔ اسپتال کی ڈپٹی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر افرہ شاہ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ آگ سے تھیٹر رکھی مشینوں اور دیگر ساز وسامان کو معمولی نقصان پہنچا ہے ۔ہسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کہاکہ آپریشن تھیٹر میں آگ پر قابو پانے کے دوران مشینیں گیلی ہوئی تھیں جبکہ فائر اینڈ ایمر جنسی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا ۔انہوں نے کہا کہ سنیچر سے ہی آپریشن تھیٹرمیں طبی سرگرمی بحال کردی گئی ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر نے اسپتال کا دورہ کیا اور آگ سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا ۔