پٹن //چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے پٹن کا دورہ کر کے زیر تعمیر 30بستروں والے سب ضلع ٹراما ہسپتال کے تعمیر ی کام کا جائز ہ لیا۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ،صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور دیگر سینئر افسران بھی تھے۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ ایجنسی کو جون 2017ء تک مرکزی عمارت اور بلڈ بینک کے تعمیر ی کام کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ کو ہسپتال کے لئے مشینری اور دیگر ضروری سازو و سامان خریدنے کیلئے منصوبہ داخل کرنے کی ہدایت دی تاکہ ہسپتال کو جلد ازجلد قابل کار بنایا جاسکے۔ انہوں نے اپروچ روڑ کی میکڈمائزیشن ، ہسپتال کی حد بندی ، پانی کی سپلائی کی دستیابی اور ٹرانسفارمر کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے بھی احکامات دئیے۔ ہسپتال کے قابل کار ہونے کے بعد علاقے میں صحت خدما ت میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔چیف سیکرٹری نے 49کروڑ روپے لاگت والی زیر تعمیر دیور یکھمن پورہ واٹر سپلائی سکیم کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔سکیم کے مکمل ہونے سے علاقے کے 21دیہات کے باشندگان مستفید ہوں گے۔