سرینگر// مسلم کانفرنس کے سرکردہ رہنما اور تحریک حریت کشمیر کے بانی مہاجر ملت ، مفسر القرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کے قریبی سیاسی رفیق مجاہد ملت ، مرحوم عبدالسلام دلال کے 65ویں یوم وصال کی مناسبت سے عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام خانیار میں ایک یادگاری سمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سمینار کی صدارت سربراہ تنظیم اور حریت کانفرنس کے چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے انجام دی جبکہ سمینار میں تنظیم کے مرکزی زعما ، عہدداران اور مقامی کارکنوں کے علاوہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعے پر میرواعظ نے خواجہ عبدالسلام دلال کو ان کی گراں قدر سیاسی اور سماجی خدمات اور تحریک حریت کشمیر کے تئیں انجام دی گئی کارناموں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مرحوم رہنما کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ میرواعظ نے کہا کہ اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کے حصول کیلئے روز اول سے قیادت اور عوام نے جو بے لوث قربانیاں دے کر مبنی برحق جدوجہد کی آبیاری کی ہے وہ حصول مقصد تک ہمارے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدین ،شہداء اور عوام کی قربانیاںجب ہی نتیجہ خیز ہو سکتی ہیں جب پوری قوم بھرپور انداز میں استقامت اور یکسوئی کا مظاہرہ کر کے خون سے مزین تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر مرحلے پر اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں ۔ اس موقعے پر غلام نبی زکی ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام ، محمد شفیع خان، غلام قادر بیگ ، مشتاق احمد صوفی ، ایڈوکیٹ شیخ یاسر رئوف دلال ، ایڈوکیٹ بشیر احمد پنڈت اور خورشید عارف نے اپنے خطابات میں مجاہد ملت عبدالسلام دلال کی زندگی اور سیاسی شخصیت پر روشنی ڈالی اور خراج عقیدت پیش کیا۔