نئی دہلی//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے یہاں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ساتھ ملاقات کر کے جموں و کشمیر سے جڑے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ راجناتھ سنگھ کے ساتھ میٹنگ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے ریاست کی سلامتی صورتحال پر اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے ریاست میں قیامِ امن کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی وزیر داخلہ کو بتایا ۔ نتن گڈکری کے ساتھ میٹنگ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے لداخ ۔ زانسکار ، اودھمپور ۔ بانہال اور لکھن پور ۔ مہانپور ۔ بسوہلی ۔ دونیرہ اور دیگر شاہراہوں کی تعمیر و تجدید کا معاملہ اٹھایا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت جموں ۔ اکھنور سڑک پر جاری کام پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ بعد میں ڈاکٹر نرمل سنگھ نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے ساتھ ملاقات کر کے مختلف سکیموں کیلئے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت فنڈس کی واگذاری کا مطالبہ کیا ۔