سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سکمز فیکلٹی کو طبی تحقیق اور مریضوں کو علاج و معالجہ کی فراہمی میں نئی مثالیں قایم کر کے طبی ادارے کو ایک عالمی سطح کا ادارہ بنانے کی تلقین کی ۔یہاں سکمز صورہ میں ڈیجٹل کارڈک کیتھ لیب کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست نے کئی نامور طبی ماہرین پیدا کئے ہیں تا ہم اس روایت کو جاری رکھنا ہو گا جو کہ طبی تحقیق اور مریضوں کو علاج و معالجہ کی فراہمی میں نئی مثالیں قایم کر نے سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے سکمز فیکلٹی کو اس طبی ادارے کو ملک کے ایک اعلیٰ طبی تحقیقی مرکز کے طور پر فروغ دینے کیلئے کوشاں رہنے کی تاکید کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ طبی ادارہ اسی مقصد سے قایم کیا گیا تھا ۔ محبوبہ مفتی جو کہ سکمز گورننگ باڈی کی چئیر پرسن بھی ہیں ، نے فیکلٹی کو ملک اور بیرونِ ملک اعلیٰ طبی تحقیقی اداروں کے ساتھ منسلک ہونے اور جینیات ، روبوٹکس اور دیگر حیاتی طبیعیاتی شعبوں میں تحقیق کا کام شروع کرکے مہلک اور جینیاتی بیماریوں میں اُن کے استعمال کے امکانات کا جائیزہ لیں ۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے شعبہ امراض قلب میں ڈیجٹل کارڈیک کیتھ لیب کا افتتاح کیا ۔ یہ جدید سہولیت دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو کافی راحت فراہم کرے گی ۔ محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی کہ اس نئی اور جدید کیتھ لیب کی تنصیب سے مریضوں کو جدید علاج و معالجہ کیلئے بیرونِ ریاست سفر نہیں کرنا پڑے گا ۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں پی ای ٹی سکین کی تنصیب کا بھی جائیزہ لیا اور اس سلسلے میں جاری عمل کے بارے میں منتظمین سے جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے ہسپتال میں میٹرنٹی شعبے اور دیگر جاری کاموں کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے سکمز انتظامیہ کو لگن اور تندہی سے کام کر کے مریضوں کو ریاست میں ہی ہر ممکن سہولیت بہم رکھنے کیلئے کہا ۔ ڈائریکٹر سکمز پروفیسر اے جی آہنگر نے وزیر اعلیٰ کو ہسپتال میں مریضوں کے بہتر علاج و معالجہ کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں تفصیل دی ۔ اس موقعہ پر سکمز فیکلٹی کے سینئر ارکان ، پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ پروفیسر ریاض انٹو ، معروف ماہر امراض انہضام پروفیسر ایم ایس کھورو اور گورننگ باڈی کے ارکان موجود تھے ۔