سرینگر//ریاست میں طبی ڈھانچے میں مزید بہتری لانے کیلئے 33 بڑے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جن پر 723.84 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے ۔ جے کے پی سی سی کے زیر اہتمام یہ کام تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ یہ جانکاری صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت کو کل ایک جائیزہ میٹنگ کے دوران دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ تخمینہ لاگت کے مقابلے میں 608.61 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک 424.39 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ۔ وزیر نے عمل آوری ایجنسیوں سے پروجیکٹوں کے بارے میں مکمل جانکاری طلب کرتے ہوئے انہیں وقتِ مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے تمام کاموں میں معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ وزیر نے متعلقہ سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹوں کے عین مطابق اثاثوں کو مکمل کئے جانے کے بعد اپنی تحویل میں لیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمل آوری ایجنسی کو ہر معاملے میں جوابدہ بنایا جانا چاہئیے ۔ میٹنگ میں سحت و طبی تعلیم کے کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر پون کوتوال ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی دلیپ ٹھوسو ، پرنسپل ڈینٹل کالج جموں ڈاکٹر رومیش سنگھ ، پرنسپل میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر سامیہ رشید ، پرنسپل میڈیکل کالج جموں پروفیسر سونندہ رینہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔