نوشہرہ //نوشہرہ کے جھنگڑ سیکٹر میں پھر سے ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے۔فوجی ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی فوج نے نوشہرہ کے لام سیکٹر کے پکھرنی ونڈمو ہڑہ و جھنگڑ ، سریاہ ، سیر مکڑی علاقوں میں واقع ہر اول چوکیوں و رہائشی علاقوں میں شام ساڑھے چھ بجے شدید گولہ باری شروع کردی جس کا بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا۔اگرچہ اس دوران کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی البتہ لوگوں میں خوف و حراس پایاجارہاہے اور سہمے ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ نوشہرہ سیکٹر میں پچھلے ہفتے تین افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں ۔دریں اثناءفائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چوہدری نے بتایاکہ 525کنبوں کے 1795افراد ریلیف کیمپوں میں منتقل کئے گئے ہیں جن کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔ایس پی نوشہرہ اتل شرما اور ایس ڈی ایم ہربنس نے متاثرہ علاقوں کادورہ کرکے صورتحال کاجائزہ لیا ۔