سرینگر// جنگجوئوں نے پولیس اسٹیشن صفاکدل پر ایک ہتھ گولہ پھینکا ،جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اورعام شہری زخمی ہوا ،جنہیں علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ۔جمعرات کو بعد دوپہر جنگجوئوں نے صفاکدل پولیس اسٹیشن کو اُڑانے کی غرض سے ایک گرینیڈ داغا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگے ۔ اس حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیر احمد اور عام شہری عارف احمد آہنی ریزوں کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔دونوں زخمیوں کو فور طور پر علاج معالجہ کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ،جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔ گرینیڈ دھماکے کے فوراً بعد پولیس وفورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور حملہ آئوروں کی تلاش شروع کردی یاد رہے کہ 30اپریل کو جنگجوئوں نے پولیس اسٹیشن خانیار پر گرینیڈ سے ہی حملہ کیا تھا جس میں ایک شہری کی موت اور قریب5پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔