سرینگر//کئی عوامی وفود اور کافی تعداد میں لوگوں نے سرینگر میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور انہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور پہلے سے ہاتھ میں لئے گئے کاموں میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا ۔ وفود نے اپنے علاقوں کے مسائل حل کرنے میں وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی ۔ فقیر محمد خان کی قیادت میں گریز کے ایک وفد نے گریز تک ہوائی خدمات شروع کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سروس سے خاص طور سے علاقے کے طلبا اور مریضوں کو کافی فائدہ ملے گا ۔ اس وفد نے ہوائی سروس کو تلیل تک بڑھانے کا مطالبہ کیا تا کہ وہاں کے لوگ بھی استفادہ کر سکیں ۔ وفد نے رازدان ٹاپ پر ایک ٹنل کی تعمیر کرانے کا مطالبہ کیا تا کہ بانڈی پورہ ، گریز سڑک کو پورے سال ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھلا رکھا جا سکے ۔ انہوں نے اپنے علاقے میں بجلی ، راشن ، طبی سہولیات اور دیگر لازمی خدمات میں بہتری لانے کا بھی معاملہ اجاگر کیا ۔ بابا ریشی سے تعلق رکھنے والے ایک اور وفد نے حضرت بابا پیام الدین ریشی ؒ کی زیارت گاہ پر جاری کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے ، بابا ریشی گلمرگ سڑک پر روشنی کا مناسب انتظام کرنا ، حیدر بیگ ۔ ٹنگمرگ سڑک پر تار کول بچھانا اور چھان پورہ کنزر میں موجود پُل کو وسعت دینے جیسے معاملات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے ۔ انہوں نے ایم جی نریگا کے تحت کئے گئے کاموں کی رقومات جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ بیروہ سے تعلق رکھنے والے ایک ایس ٹی وفد نے شپلان اور نوگام علاقوں میں بجلی کا مناسب انتظام کرنے اور ٹرائیبل سب پلان کے تحت رقومات تعلیم کے شعبے کیلئے مختص رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ پہلگام کے وفد نے وہاں سیاحوں کے رش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جدید طرز کا ایک ہسپتال قایم کرنے ، ٹی آر سی کی تجدید نو اور مقامی بازار کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے کام ہاتھ میں لینے کا مطالبہ کیا ۔ خانصاحب علاقے کے ایک وفد نے جوالا پورہ سڑک پر ہاتھ میں لئے گئے کاموں کو مکمل کرنے اور قصبے میں پینے کے پانی کی سہولیات کو تقویت بخشنے کا معاملہ وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھا ۔ گُجر طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے ریاست بھر میں موجود گُجر ہوسٹلوں کی بہتر نظامت اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائے جانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ٹی ایس پی کے تحت رقومات تعلیم کے شعبے کیلئے بھی مختص رکھنے کا معاملہ اجاگر کیا ۔ سریگفوارہ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے علاقے میں پی ایچ سی اور پشو پالن مرکز کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا ۔ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سولنہ کا ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقی ہوا اور انہوں نے بھی اپنے مطالبات وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لائے ۔ پونچھ، وچی اور مڈ کے وفود نے بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مسائل حل کرنے میں اُن کی مداخلت طلب کی۔وزیراعلیٰ نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے ابھارے گئے معاملات پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ریاست کے ہر ایک خطے کو ترقی کی ایک نئی ڈگر پر لے جانے کے لئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ سماج کے کسی علاقے یا طبقے کو ترقیاتی عمل کے دائرے سے باہر نہیں رکھا جائے گا تاہم وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے لے جانے کے لئے امن کا ہونا لازمی ہے ۔انہوںنے امن برقرار رکھنے میں لوگوں سے تعاون طلب کیا۔ انہوںنے کہا کہ امن کی بدولت ہی ریاست میں تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جاسکے گا