ڈوڈہ//ڈوڈہ خطہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار نے جمعہ کے روز ڈوڈہ کے معروف سیاحتی مقام ڈل درمن کا دورہ کر کے وہاں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ ڈوڈہ حلقہ میں ڈل درمن اور اس جیسے کئی دیگر خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں جن کی طرف اگر حکومت نے توجہ کی تو یہاں کی سیاحت بہت ترقی کرے گی۔اُنہوں نے ریاستی وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ ڈوڈہ حلقۂ انتخاب میں سیاحت کے فروغ اور یہاں کے صحت افزا اور خوبصورت سیاحتی مقامت کو منظرِ عام پر لانے کے لئے بھر پور تعاون فراہم کریں۔اُنہوں نے کہا کہ ڈوڈہ حلقہ میں مختلف قسم کی سیاحت اور واٹر اسپورٹس کے کافی مواقع پائے جاتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مقامات کو سڑک رابطوں سے جوڑا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ ڈوڈہ اور اس کے مضافاتی علاقہ جات میں بہت سارے ایسے سیاحتی مقامات موجود ہیں جو خصوصی حکومتی توجہ کے محتاج ہیں اور جن کی کشمیر کے طرز پر ترقی ہوئی تو سیاح کشمیر کی طرح چناب خطہ کا رخ بھی کریں گے۔اس سے یہاں کی سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا اور نتیجۃً یہاں کی معیشت میںایک انقلاب واقع ہو گا ۔اُنہوں نے کہا کہ سڑک رابطے نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے سیاحتی مقامات سیاحوں کی نظروں سے اوجھل رہے اور اس خطہ میں وہ ترقی ممکن نہ ہو سکی جو ہونی چاہیے تھی۔اُنہوں نے سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اُنہیں ڈوڈہ حلقہ کو نظر انداز کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔اُنہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے یہاں دہائیوں تک حکومت کی مگر اس خطہ کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے اُنہوں نے کچھ بھی نہیں کیا۔بہت سارے دیہات آج بھی سڑک رابطوں اور بجلی و پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور یہاں کے لوگ آج بھی قدیم طرز کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔اگر ان دونوں پارٹیوں نے کچھ کیا ہوتا تو آج یہاں کی حالت مختلف ہوتی۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے ایم ایل اے کے سامنے دل ددرمن تک سڑک تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کو یہاں پہنچنے کے لئے پیدل سفر نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے علاقہ میں بلا تعطل بجلی اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ایم ایل اے نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ وہ یہاں کے سیاحتی مقامات کی ترقی اور یہاں کے ہر گائوں اور دیہات کو سڑک رابطوں سے جوڑنے کے وعدہ بند ہیں۔اُنہوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی(آر اینڈ بی) حکام کو دل درمن سڑک کی ڈی پی آر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔