ڈوڈہ//ضلع بار ایسو سی ایشن کیلئے منعقدہ انتخابات میں حسب توقع ایڈوکیٹ غلام حسن پاٹیگڑو بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے ہیںجب کہ رمن پردیپ ٹھاکور نے موجودہ نائب صدر شعیب امان کو شکست دے کر نائب صدر کے عہدہ پر قبضہ کر لیا۔جنرل سیکرٹری کے عہدہ پر راجہ جعفر نذیر گتو فاتح رہے انہوں نے ونے آنند کو ہرایا جب کہ عمر راتھر نے سجاد احمد میر کو شکست دے کر خازن کے عہدہ پر قبضہ کر لیا۔ انتخابات کا تمام عمل الیکشن آفیسر ارشاد احمد شیخ پراسیکیوشن آفیسر کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ قابل ذکر ہے کہ صدر کے عہدہ کے لئے شیراز اسلم بٹ بھی امیدوار تھے لیکن وہ غلام حسن پاٹیگڑو کے حق میں دستبردار ہو گئے جس سے صدر کے عہدہ کا انتخاب بلا مقابلہ ہو گیا۔ نتائج کا اعلان ہونے کے بعد نو منتخب بار صدر غلام حسن پاٹیگڑو نے کہا کہ ڈوڈہ میں ہائی کورٹ بنچ کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس کے حصول کے لئے وہ کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسو سی ایشن نہ صرف ایک عوامی نمائندہ فورم ہے بلکہ قانون کی بالا دستی، حقوق البشر کی آبیاری اور سول سوسائٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے کی ذمہ داری بھی اس کے کندھوں پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء اس سماج کا ایک ایسا حصہ ہیں جو قانون کے رکھوالے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام لوگوں کے بیچ ایک پُل کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ان ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ، انہوں نے تمام وکلاء کے تئیں تشکر کا اظہار کرتے ہوئے بار ایسو سی ایشن کی نو منتخب باڈی سے تعائون طلب کیا۔