گندو//گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول کلہوتران میں ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکول میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات کو پرائم منسٹر اسکالر شپ اسکیم کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔اسکول کے پرنسپل ابھینائو بھٹ کی صدارت میں منعقدہ تقریب کے دوران محبوب اقبال بٹ لیکچرر اور ماسٹر جماعت علی آگاہ نے بھی طلباء سے خطاب کیا ۔اس موقع پر اسکول کے تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کے اراکین بھی موجود تھے۔مقررین نے طلبائو طالبات کو بتایا کہ جن طلاب نے2015-16اور2016-17کے دوران بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے اور جن کے وارثین کی سالانہ آمد نی چھ لاکھ روپے سے کم ہے،وہ پرائم منسٹر اسکلار شپ اسکیم کے تحت وظیفہ حاصل کرنے کے لئے آئندہ30مئی تک آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت منتخب شدہ طلباء و طالبات کو مختلف ریاستوں کے نامور کالجوں اور اداروں میں مختلف قسم کے اکیڈمک کورسز کرنے اور پیشہ وارانہ تربیت مفت حاصل کرنے کا موقع فراہم ہو گا ۔لہٰذا اہل طلباء و طالبات آن لائن رجسٹریشن کروائیں جس کے لئے ریاستی باشندہ ہونے کی سند ہونا لازمی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ملک کے نامور اداروں میں تعلیم یا تربیت حاصل کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کے لئے ایک سنہری موقع ہے جو اس کے لئے بھاری رقومات ادا کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔