سرینگر //لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جن حکمرانوں نے جموں وکشمیر میں سبھی سیاسی کاوشوں پر پابندی عائد کررکھی ہے انہیں اپنے آپ کو جمہوری کہلانے کا کوئی حق نہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہداء کیلئے تعزیتی جلسوں پر پابندی عائد کرکے ان لوگوںنے اپنی جمہوریت کے کھوکھلے پن کو ظاہر کردیا ہے۔ یاسین ملک نے شہیدملت میر واعظ محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون نیز شہدائے حول کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اور اُن شہداء کی برسیوں کے حوالے سے مجوزہ جلسے پر پابندی عائد کرنے کے لئے کر فیو اور قدغنیںعائد کرنے کی حکومتی پالیسی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ میرواعظ محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو تاریخ عزیمت کی اہم شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک نے کہا کہ جس تحریک کو ایسے شہداء نے اپنے لہو سے سیراب کیا ہو ،اُسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ ملک نے شہداء کی یاد میں منعقد ہونے والے عید گاہ جلسے پر پابندی لگانے، پورے علاقے کو محصور کرنے کے لئے کرفیو لگانے اور کئی قا ئدین بشمول حریت (ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو خانہ نظربند کر دینے کی سخت الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے کہا کہ جملہ سیاسی کاوشوں پر مکمل پابندی ہے جو دراصل جمہوریت کی نفی ہے۔ دریں اثناء حریت (ع) ترجمان نے مزارِ شہداء جلسہ ناکام بنانے کیلئے شہر میں قد غنیں لگانے اور میر واعظ عمر فاروق کو خانہ نظر بند کرنے کے علاوہ دیگر لیڈروں کو حراست میں لینے کی مذمت کی۔