سرینگر//شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے شعبہ میڈیکل آنکو لاجی میں کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے شعبہ بند کرنے کی نوبت آگئی ہے۔ انسٹیچوٹ ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں موجود 2کنسلٹنٹ آئندہ سال سبکدوش ہونے والے ہیں اور اس طرح مذکورہ ڈاکٹروں کی سبکدوشی کے ساتھ ہی شعبہ میڈیکل آنکولاجی بند ہوجائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ سال2010 میں ہفتے میں آنے والے 700مریضوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوگیا ہے جبکہ کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی تعداد 5سے کم ہوکر صرف 2رہ گئی ہے جو آئندہ سال سبکدوش ہونے والے ہیں۔تاہم ڈائریکٹر سکمز کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک ماہ میں ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ شعبہ میڈیکل آنکولاجی میں مریضوں کو قطاروں میں اپنی بھاری کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کیونکہ اس شعبہ میں سنیئر ڈاکٹر صرف دو دن ہی مریضوں کا علاج و معالجہ کرتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سال 2010تک شعبہ کے چار کنسلٹنٹ شعبہ میڈیکل آنکولاجی میں مریضوں کا علاج کیاکرتے تھے مگر دو کنسلسٹنٹوں کی سبکدوشی کے بعد اب صرف دو ہی کنسلٹنٹ ڈاکٹر موجود ہیںجو ہفتے میں دو دن ہی مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔ 2010میں ہفتے میں 700مریضوں کا علاج کرنے کیلئے چار کنسلٹنٹ ڈاکٹر موجود تھے اب روزانہ مریضوں کی تعداد 200سے تجاوز کرگئی ہے جن میں 100مریض او پی ڈی، 60ادویات کا ڈوز لینے اور 32کے قریب اسپتال کے مخصوص وارڈ میں داخل ہوتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ شعبہ میڈیکل آنکولاجی کے سربرہ شیخ اعجاز احمد آئندہ سال سبکدوش ہورہے ہیں جبکہ دوسرے کنسلٹنٹ ڈاکٹر گل محمد بھی دو سال کے اندر سبکدوش ہونے والے ہیں اور یہ شعبہ بند ہونے کا سبب بن سکتا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کئی نوجوان آنکولاجی میں ڈی ایم کرکے بیٹھے ہیں جبکہ کئی ایک کو محکمہ صحت نے پرائمری ہیلتھ سنٹروں پر ایم بی بی ایم ڈاکٹروں کے ساتھ تعینات کیا ہے جہاں وہ عوام کا کوئی بھی علاج کرنے سے قاصر ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انسٹیچوٹ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کنسلٹنٹوں کی تعیناتی ابھی تک نہیں ہوپارہی ہے۔ ڈائریکٹر میڈیکل سائنسز صورہ ڈاکٹر اے اے آہنگر نے کنسلٹنٹوں کی کمی کا اعتراف کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی کمی پورا کرنے کیلئے سکرینگ چل رہی ہے اور آئندہ ایک ماہ کے اندر کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خالی پڑی اسامیوں پر ہی درخواستیں طلب کی گئی ہیں اور جوں ہی مزید اسامیاں خالی ہونگی تو مزید کنسلٹنٹوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔