سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈران نے میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فارو ق ایک مقبول ملی اور سیاسی رہنما تھے اور عوام ان کی قائیدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ موصولہ بیان کے مطابق پارٹی صدر دفتر نوائے صبح سرینگرپرایک تقریب کا انعقاد ہواجس کی صدارت پارٹی کے جنرل سکریٹری اورممبر اسمبلی خانیار علی محمد ساگر نے کی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈران ، عہدیداران اور شہر خاص کے معزز شہری بھی موجود تھے۔ مولوی محمد فاروق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ مرحوم سیاسی اور مذہبی رہنما تھے جن کو اللہ نے علمی، روحانی اور سیاسی بصیرت عطا کی تھی اور وہ ہمیشہ مسلم اتحاد کے علمبردار رہے ۔انہوں نے کہا نیشنل کانفر نس ہر سال میرواعظ کی برسی مناتی ہے کیونکہ وہ انہیں بہترین مذہبی قائد کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈران مبارک گل ، محمد سعید آخون،صدر ضلع سابق ایم اے جڈی بل پیر آفاق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس دھوکہ بازی اور منافقت میں یقین نہیں رکھتی بلکہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ میرواعظ مولوی فاروق کو لیڈر تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق کے قتل اور سانحہ حول میں اُس وقت کے گورنر جگموہن اور اس وقت کے مرکزی وزیر داخلہ کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم میرواعظ کو سیکورٹی فراہم کرنے میں لیت و لعل کیا گیا اور پھر اُن کے نمازِ جنازہ کے جلوس پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 73لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔ اس موقعہ پردونوں لیڈران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں قائدین نے ہمیشہ کشمیری قوم کی سربلندی اور معاشی خوشحالی کے لئے ساری زندگی جدوجہد کی اور اسی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا۔