بانہال // غیر سرکاری رضاکار تنظیم سوشل ویلفیئر ایسو سیشن بانہال (ثواب) کی طرف سے اتوار کو بانہال میں موبائل فون کے مضر اثرات کے موضوع پر ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم بانہال وکاس ورما مہمان خصوصی جبکہ جامع مسجد بانہال کے خطیب عبدلاحد مسرور نے اس تقریب کی صدرات کی ان کے علاوہ ایس ڈی پی او بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ ، امام جامع مسجد عید گاہ بانہال مفتی خورشید احمد کے علاوہ ایس ایچ او بانہال مختلف سکولوں کے طلباء،والدین اور مقامی معززین کے علاوہ سوشل ویلفیئر ایسو سیشن کے ممبران اس تقریب میں موجود تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے دور حاضر میں موبائل فون کے مضر و منفی اثرات پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موبائل و انٹرنیٹ کے منفی استعمال کی وجہ سے سماج میں کئی بُرائیاں جنم لے رہی ہیں ۔ مقررین نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین کو موبائل کے استعمال کے حوالے سے اپنے بچوں پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کئی کم عمرو دیگر نوجوان اس سہولیات کا غلط استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اُن کی زندگیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور ان منفی اثرات سے بچنے کے لئے ہم سب کو اپنے بچوں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس کا غلط استعمال نہ کریں ۔ اس سمینار میں حصہ لینے والے مختلف سکولوں سے آئے ہوئے طلباءمقررین نے منتخب شدہ موضوع پر بولتے ہوئے کہا کہ اس دور جدید میں بہت سارے بچے اس سہولیات کا غلط استعمال کر رہے ہیں اوران کے والدین کو اس کی خبر تک نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ کئی بچے رات کے اوقات میں گھنٹوں موبائل فون کا غلط استعمال کرتے ہیں جبکہ اس میں موجود انٹرنیٹ کی سہولیات کو بھی منفی انداز سے استعمال کرتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ عُریانیت اور گندی تصویریں اور بے حیائی جیسے ویڈیوز کو کئی لوگ جان بوجھ کر دیکھتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے اندر کئی بُرئیاں جنم لیتی ہیں ۔ اس موقع پر تقریب میں موجود مہمانوں نے بھی موبائل فون اور انٹر نیٹ کے غلط استعمال کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو ایسے موبائل فون دے کر چھوٹ نہ دیں جس سے وہ اس کا منفی استعمال کر سکیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر چہ دور جدید کی یہ ایک اہم ضروت بن چکی ہے لیکن اس کے مضر اثرات جو کہ صحت و اخلاقیاتپر اثر انداز ہو رہے ہیں اس پر توجہ مرکوز کر کے اپنے بچوں پر دھیان دینے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر مختلف سکولوں سے آئے بچوں نے مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے عالم شاہ کانوئنٹ انسٹیچوٹ بانہال کی میمونہ شکیل نے پہلا اقراءانگلش میڈم گنڈ کی طالبہ فائقہ اسلم نے دوسرا اور نیو عالم شاہ کانوئنٹ سکول کی تشیقہ نثارنے تیسرا درجہ حاصل کیا ۔ اس موقع پر مقررین نے سوشل ویلفیئر ایسو سیشن بانہال کو اس قسم کے پروگرام منعقد کرانے پر اُن کی کاوشوںکی سراہنا کرتے ہوئے اُنہیں مبارک باد پیش کی ۔اُنہوں نے مستقبل میں بھی سماجی و دیگر بُرائیوں پر ایسے مزید پروگرام منعقد کرانے کی اُن سے اپیل کی ۔ اس موقع پر ثواب کے بیشتر ممبران بھی تقریب میں موجود تھے جس میں صدر منظور احمد وانی ، نائب صدر منظور احمد کامگار ، سابقہ صدر محمد تعظیم وانی، نظیر احمد وانی ، سعید امتیاز ، نواز محمد،جاوید علی،محمد الیاس و دیگران موجود تھے ۔ تقریب میں منظور احمد وانی نے نظامت کے فرائض انجام دئے جبکہ منظور احمد کامگار نے تقریب میں آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ تعظیم وانی نے سوشل ویلفیئر ایسوسیشن کا مختصر تعارف اور ان کی طرف سے انجام دئے گئے مختلف سماجی کاموں پر روشنی ڈالی ۔