سرینگر /یو ا ین آئی/وادی کشمیر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بالخصوص فیس بک پر نوجوان کرکٹ کھلاڑیوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں مقابلے سے قبل پاکستان زیرانتظام کشمیر کا قومی ترانہ ’باغوں اور بہاروں والا۔ دریاو¿ں کوہ ساروں والا۔ آسمان ہے جس کا پرچم۔ پرچم چاند ستاروں والا۔ جنت کے نظاروں والا۔ جموں اور کشمیر ہمارا‘پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ کرکٹ مقابلہ جس میں پاکستان زیرانتظام کشمیر کا قومی ترانہ بجایا گیا ہے، کا انعقاد جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہوا ہے۔یہ ویڈیو کلپ ایک ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے سے کچھ منٹ پہلے بنائی گئی ہے جس میں شائننگ سٹار پانپور اور پلوامہ ٹائیگرس کا مسیچ ہونے والا تھا۔ وادی میں سماجی رابطوں کی 22 ویب سائٹس پر پابندی عائد رہنے کے باوجود یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ وادی میں گذشتہ ماہ (اپریل) کے اوائل میں بھی ایسی ہی ایک ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی تھی جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی وردی میں ملبوس کرکٹ کھلاڑیوں کو مقابلے سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ ’پاک سرزمین‘پڑھتے ہوئے سنا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے بعدازاں مذکورہ ویڈیو کی عکس بندی کے مقام کا پتہ لگاکر وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں قریب ایک درجن کھلاڑیوں کو حراست میں لیا تھا۔ وائرل ہونے والی نئی ویڈیو میں دونوں کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو قطاروں میں کھڑے ہوکر پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کا قومی ترانہ پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ خیال رہے کہ ریاستی حکومت نے گذشتہ ماہ وادی میں کشیدگی پر قابو پانے کے لئے فیس بک، ٹویٹر اور وٹس ایپ سمیت 22 سوشل میڈیا ویب سائٹس پر ایک ماہ کی پابندی عائد کی ۔ جن 22 سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس پر پابندی عائد کی گئی ہے ، اُن میں فیس بک، وٹس ایپ، ٹویٹر، کیو کیو، وی چاٹ، اوزون، ٹمبلر، گوگل پلس، بائیڈو، اسکائپ ، وائبر، لائن، سنیپ چاٹ، پنٹرسٹ، ٹیلی گرام، انسٹا گرام، یوٹیوٹ، ریڈاٹ اور دیگر کچھ ویب سائٹس شامل ہیں۔ تاہم وادی میں صارفین کی ایک بڑی تعداد ورچول پرائیویٹ نیٹورک (وی پی این) کی ایپلی کیشنز استعمال کرکے پابندی کے باوجود سوشل میڈیا استعمال کرتی ہے۔