سرینگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈی آئی پی آر ) کی طرف سے پچھلے مالی سال کے دوران اخبارات اور جریدوں کو اشتہارات کی ادائیگی کے طور پر 32.05کروڑ روپے بجٹ ہیڈ کے تحت ادا کئے گئے۔ اس کے علاوہ پی ایس یوز اور خود مختار اداروں کے 5کروڑ روپے مالیت کے اشتہارات بھی اخبارات اور جریدوں کو محکمہ کی طرف سے نان بجٹنگ کے تحت پچھلے مالی سال کے دوران جاری کئے گئے۔واضح رہے کہ مختلف محکموں کی طرف سے بجٹ ہیڈ کے تحت جاری کئے گئے اشتہارات کی ادائیگی ڈی آئی پی آر کرتا ہے جبکہ محکمہ کے ذریعے سے نان بجٹ کے تحت جاری کئے گئے اشتہارات کی ادائیگی اخبارات کو براہ راست متعلقہ پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس اور خود مختار ادارے کرتے ہیں تاہم ان بلوں کی جانچ متعلقہ جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کرتے ہیں۔سال 2015-16کے لئے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو 22کروڑ روپے کا اشتہاراتی بجٹ مختص کیا گیا تھا تاہم سال 2016-17کے لئے خزانہ محکمہ نے ابتدائی طور 25کروڑ روپے کا بجٹ منظور کیا تھا اور محکمہ کی درخواست پر پچھلے مالی سال کے دوران مزید 2.80کروڑ روپے واگذار کئے گئے تاکہ پچھلی واجبات کو کلیر کیا جاسکے۔اس طرح ڈی آئی پی آر نے پچھلے مالی سال کے دوران دونوں صوبوں میں بجٹیڈ اشتہارات کے بِلوں کی ادائیگی کرتے ہوئے اخبارات کو 27.80کروڑ ورپے ادا کئے جن میں سے پچھلی واجبات کے 10کروڑ روپے بھی شامل ہے جبکہ باقی رقم پچھلے برس کے اشتہاراتی بِلوں کی ضمن میں ادا کئے گئے ۔اس کے علاوہ 5کروڑ روپے کے اشتہارپچھلے سال کے دوران نان بجٹ ہیڈ کے تحت اخبارات کو جاری کئے گئے۔حکومت نے پہلے ہی مالی سال 2017-18کے لئے مختص رکھی گئی 50فیصد بجٹ واگذار کی ہے جبکہ پچھلے مہینے کے دوران متعلقہ جوائنٹ ڈائریکٹروں کے حق میں 3کروڑ روپے واگذار کئے تاکہ وہ اخبارات کے اشتہاراتی بِلوں کی ادائیگی کر سکیں۔اس طرح مجموعی طور پر پچھلے 13مہینوں کے دوران اخبارات کو 32.05کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ۔ اس کے علاوہ نان بجٹ ہیڈ کے تحت مزید 5کروڑ روپے کے اشتہارات جاری کئے گئے۔پچھلی تمام واجبات کو ادا کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات اب اشتہاراتی بِلوں کی متواتر ادائیگی کررہا ہے اور متعلقہ جوائنٹ ڈائریکٹروں نے مارچ 2017ءتک تمام بِلوں کی ادائیگی عمل میں لائی ہے۔کشمیرایڈیٹرس گلڈ کے زعماﺅں نے پچھلے ہفتے ناظم اطلاعات ڈاکٹر ارون منہاس کے ساتھ ملاقات کے دوران پچھلے برس انفرادی اخبارات کو کی گئی ادائیگی کے حوالے سے تفاصیل طلب کی تھیں۔محکمہ نے یہ تمام تفاصیل متعلقہ اخبارات کی جانکاری کے لئے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اس وقت محکمہ اطلاعات کے ساتھ 368 اخبارات اور جریدے درج ہیں جنہیں سرکاری اشتہارات دئیے جاتے ہیں جن میں جموں کے 201 اور کشمیر صوبہ کے 167 اخبارت شامل ہےں۔درج شدہ اخبارات اور جریدوں میں 83 انگریزی روزنامے ( 49جموں کے ،34کشمیر کے ) ، 103 اُردو روز نامے (74کشمیر کے ،26جموں کے ) ، 20ہندی روز نامے ( تمام جموں کے )، 2کشمیری روز نامے ( تمام کشمیر کے ) ،ایک ڈوگری روز نامہ ( جموں)، 34 انگریزی ہفتہ وار ( 23 جموں کے ،11کشمیر کے )، 9 ہندی ہفتہ وار ( 8جموں کے ، ایک کشمیر کا)،78 اردو ہفتہ وار ( جموں کے 42، کشمیر کے 39) ، ایک کشمیری ہفتہ وار ،2ڈوگری ہفتہ وار،ہفتے میں دو بار چھپنے والے تین اخبار ( جموں کے ) ، 9انگریزی پندرہ واڑے( جموں کے 7 ، کشمیر 2) ، اُردو کے زبان کے 5پندرہ واڑے (تمام جموں کے ) ، ہندی زبان کے 8پندرہ واڑے ( تمام جموں کے ) ، پنجابی زبان کا ایک پندرہ واڑہ ( جموں کا) ، انگریز ی زبان کے 8ماہنامے ( 5جموں اور 3کشمیر کے ) ، ہندی زبان کے 2ماہنامے ( جموں کے ) ، ایک اردو ماہنامہ ( جموں ) اور ایک پنجابی ماہنامہ ( جموں ) شامل ہیں۔