سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے بانڈی پورہ ضلع کے گریز علاقے میں تعمیر کئے جارہے 330میگاواٹ کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ پر ہور رہی پیش رفت کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، کمشنر سیکرٹری ریونیو ، پلوامہ ، بارہمولہ اور بڈگا م کے ضلع ترقیاتی کمشنر ، چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی، این ایچ ایف سی حکام اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے پروجیکٹ کی عمل آوری کے کئی پہلوﺅں کا جائزہ لیتے ہوئے بانڈی پورہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ وہ پروجیکٹ کی وجہ سے متاثرہ کنبوں کو منظور شدہ منصوبے کے مطابق ریلیف اور معاوضہ ادا کریں۔330 میگاواٹ کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ دریائے کشن گنگا پر تعمیر کیا جارہا ہے اور اس کے 110میگاواٹ صلاحیت کے تین زیر زمین یونٹ ہوں گے ۔مدھو متی اور بونار نالوں کی اخراجی صلاحیت میں بہتری لانے کے لئے چیف سیکرٹری نے چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سے کہا کہ وہ 30 نومبر 2017ءتک یہ کام مکمل کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے رقومات این ایچ پی سی کی طرف سے ایک ہفتے کے اندر اندر واگزار کئے جائیں گے۔چیف سیکرٹری نے کشن گنگا۔ امرگڈھ ۔ واگورہ ترسیلی لائین کا بھی جائزہ لیا۔ انہوںنے بانڈی پورہ ، بارہمولہ اور بڈگا م اور پلوامہ کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت د ی کہ وہ ٹاور نصب کرنے کے لئے حصول اراضی کا عمل تیز کریں اور اس سے میعاد بند مدت کے اندر اندر این ایچ پی سی کو سونپا جانا چاہئے۔