سرینگر/// ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے اُس بیان کوجس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں شورش محض ساڑھے تین اضلاع پر مشتمل ہے کو مضحکہ خیز اور حقائق سے انحراف قرار دیا ہے ۔انجینئر رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی اور سنگ پریوار جان بوجھ کر ایسی اوٹ پٹانگ باتیں کرنے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتی جن سے تاریخی حقائق کو مسنخ کرنے میں مدد مل سکے۔ انجینئر رشید نے کہا ”کون نہیں جانتا کہ راولا کوٹ سے کشتواڑ تک اور کرناہ سے کٹھوعہ تک ہر جگہ کسی نہ کسی بہانے نہ صرف بے گناہ لوگوں کا خون بہا ہے بلکہ لوگوں نے اپنی مزاحمت کسی نہ کسی سطح پر جاری رکھ کر اپنے خواہشات اور جذبات کا اظہار کیا ہے ۔ ساڑھے تین اضلاع میں ہی عوامی مزاحمت کے محدود ہونے کا دعویٰ کرکے دراصل BJPکی قیادت نہ صرف مسئلہ کشمیر کو فرقہ ورانہ رنگت دے رہی ہے بلکہ اس ہمالیائی حقیقت کو بدلنے کی گمراہ کن کوشش کر رہی ہے کہ جس جموں کو BJPاپنا مضبوط اڈہ مان کر پورے جموں خطہ کے لوگوں کے ساتھ استحصال کرتی آئی ہے وہ جموں صرف اڑھائی اضلاع پر مشتمل ہے ۔۔ انجینئر رشید نے راج ناتھ سنگھ کے اُس بیان کو سمجھ سے باہر قرار دیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔ انجینئر رشید نے کہا ”اگر راجناتھ سنگھ کشمیر، کشمیریوں اور کشمیریت کو اپنا مانتے ہیں اور ہر بیماری کی جڑ پاکستان کو کہہ کر پاکستان کے خلاف سخت دھمکیاں دے رہے ہیں تو پھر پوچھا جا سکتا ہے کہ راجناتھ سنگھ کے پاس وہ کونسی جادوئی چھڑی ہے جو مسئلہ کشمیر کو حل کر سکے ۔