سرینگر//گوجربکروال طبقہ سے تعلق رکھنے والے ضلع گاندربل کے ایک امیدوار کو پچھلے آٹھ مہینوں سے شیڈول ٹرائب سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کیا جارھا ہے۔ حتیٰ کہ حکومت کی طرف سے پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے ضوابط کے مطابق پندرہ دنوں کے اندر اندر ہی امیدوار کو درکار اسناد مہیاکرانے لازمی ہوتے ہیں لیکن گاندربل میں ایک نائب تحصیلدار گذشتہ آٹھ ماہ سے ایک غریب شخص کو کیٹگری سرٹیفکیٹ اجرا کرنے میں ٹال مٹول کرکے پبلک گارنٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کررہاہے ۔تفصیلات کے مطابق محمد اشرف نامی امیدوار نے اکتوبر2016 میں نائب تحصیلدار گاندربل کے دفترمیں شیڈولڈ ٹرائب سرٹیفکیٹ کی اجرائی کیلئے عرضی داخل کی تھی لیکن نائب تحصیلدار پچھلے آٹھ مہینوں سے ٹال مٹول سے کام لے رہاہے ۔ محمد اشرف نامی متاثرہ شخص نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ نائب تحصیلدارگاندربل کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مذکورہ آفیسر نے اس سے بطور رشوت30ہزارروپے نقدی اور8ہزارکااونی شال حاصل کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ نائب تحصیلدار ہمارے مستقبل کے ساتھ کھلواڑکررہاہے۔متاثرہ شخص نے محکمہ مال کے اعلیٰ افسران سے نائب تحصیلدار کیخلاف کارروائی عمل میں لاکرانصاف فراہم کرنے کامطالبہ کیاہے۔