پونچھ// محکمہ بجلی کے منیجنگ ڈریکٹر ڈاکٹر شاہ فیصل نے ضلع پونچھ کا دورہ کر کے ضلع میں چل رہے دو بجلی پروجیکٹوں کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک سے بھی تبادلہ خیال کیا۔اپنے اس دورہ کے سلسلہ میں کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پونچھ ضلع جو کہ ایک سرحدی ضلع ہے ،کی عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے بجلی کے دو میگا پروجیکٹوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بہت ہی اہم پروجیکٹ ہیں ۔انہوں نے کہا پرنئی پروجیکٹ 37 میگا وٹ کا پروجیکٹ جس کے دو اہم فوائد ہیں، ایک تو اس پروجیکٹ سے یہاں 37میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی دوسرا اس کا یہ فائدہ ہو گا کہ اس سے پورے ضلع میں پانی کی کمی بھی پوری ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر تحصیل مینڈھر جہاں کی عوام ہمیشہ سے پانی کی قلت کا سامنا کرتے آرہے ہیں، بجلی کے پروجیکٹ بجلی کے ذریعہ وہاں بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی کمی کو بھی پورا کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ نہر کے ذریعہ جو پانی مینڈھر نالے میں ڈالا جائے گا ،اس سے وہاں کی تین ہزار ہیکٹر جو کہ60ہزار کنال زمین بنتی ہے ،کوفراہم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پرنئی پروجیکٹ پر سرکار کی جانب سے ساڑھے چھ ہزار کروڑ روپیہ صرف کیا جا رہا ہے جس کا فائیدہ اس سرحد ی علاقہ کے لوگوں کو ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ان کا محکمہ مزید تبدیلیاں لانے کی کوشش کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر کے ساتھ اس حوالے سے تبادلہ خیال کر چکے ہیں، ان سے بات کر کے انہیں کئی معلومات ملی ہیں جن کو بروئے کار لا کر وہ یہاں کے عوام کو چاہے وہ مزدور ہوں، یہاں کے پڑھے لکھے بے روزگارنوجوان ہوں،تاجر طبقہ ہو یا یہاں کے عام عوام ہو کوفائدہ پہنچاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جو پانی مینڈھر لے جایا جائے گا اس کا کوئی نقصان نہیںہو گا بلکہ اس سے پورے ضلع کی ترقی ہو گی۔