پونچھ //ضلع پونچھ کے سیاحتی مقام شاہستار کی زیارت عالیہ پیر با با شاہستار کا سالانہ عرس نہایت ہی تزک و احتشام سے اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران سینکڑوں کی تعداد میں پیر بابا سے عقیدت رکھنے والے لوگوں نے زیارت پر حاضری دیکر ذکر و اذکار کی محفلیں سجائیں۔ عرس کے دوران ایک محفل بھی منعقد کی گئی جس میں علمائے کرام کے علاوہ ممبر قانون ساز اسمبلی مینڈھر جاوید رانا نے خطاب کرتے ہوئے اولیاء اللہ کے فضائل بیان کئے اور نعت خواں حضرات نے نعت رسول مقبول کے نذرانے پیش کر کے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔ انتظامیہ کمیٹی زیارت پیر با با شاہ ستار کی جانب سے تمام حاضر ین کے لئے قیام و طعام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقعہ پر انتظامیہ کمیٹی زیارت پیر با با شاہستار کے صدر ماسٹر محمد عزیز مغل، محمد نثار چوہدری، شوکت چوہدری، خلیل احمد اور جہانگیر احمد مغل نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔