اسلام آباد //بھارت اور پاکستان میں ایک بار پھر سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔بدھ کو سیاچن میں پاکستانی جنگی طیاروں نے اڑانں بھریں اور اسکے ساتھ ہی سرحدوں کے قریب تمام فضائی اڈوں کو آپریشنل کردیا گیا۔اس دوران بھارت کی جانب سے چند روز قبل لائن آف کنٹرول پر نوشیرا سیکٹر کے علاقے میں پاکستانی فوج کی ایک چوکی تباہ کرنے کے دعوے کے بعد پاکستان نے سیاچن میں جنگی طیاروں کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں سرحد کے نزدیک تمام ہوائی اڑوں کو آپریشنل کردیا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ پاکستانی فوج کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں نوشہرہ سیکٹر میں 13مئی کو بھارتی فوج کی چوکیاں اُڑانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ 22 مئی کو بھارتی فضائیہ کے ایئر چیف مارشل بی ایس دھنووا کی جانب سے 12 ہزار فوجیوں کو بھیجے گئے خطوط میں یاددہانی کرائی گئی تھی کہ وہ’مختصر نوٹس پر کارروائی کے لیے تیار رہیں‘۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’موجودہ صورتحال میں سب کنونشنل خدشات ہر دم موجود ہیں‘۔انہوں نے اہلکاروں کو ہدایات دیں کہ ’تربیت اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جانی چاہئے ‘۔چند روز قبل میجر جنرل اشوک نرولا نے نئی دلی میں سرحد پار کی گئی کارروائی کی ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی جس میں پہاڑ پر قائم کچی عمارت پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ دیکھی جا سکتی ہے۔‘تاہم پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اس دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوشیرا سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے اور پاکستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں پر فائرنگ کا انڈین دعویٰ جھوٹا ہے۔ انڈیا اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کوئی نئی بات نہیں ۔پاکستان کا کہنا ہے کہپاک فضائیہ نے بھارتی ائیرچیف کی دھمکیوں کے بعد اپنے تمام فارورڈ ایئربیس آپریشنل کردیئے ہیں۔بھارتی ائیرچیف کی دھمکیوں کے پیش نظر پاک فضائیہ کے تمام فارورڈ آپریٹنگ بیسزمکمل آپریشنل کردیئے گئے ہیں اور مختلف جنگی طیاروں کی تربیتی پروازیں جاری ہیں۔ایئرچیف مارشل سہیل امان سیاچن محاذ کے قریب اسکردو میں فارورڈ آپریٹنگ بیس پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے، ایئر چیف نے ناصرف فضائی سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبے کو سراہا بلکہ فارورڈ آپریشنل ایریا میں میراج طیارہ اڑا کر جنگی مشقوں میں حصہ بھی لیا۔ ایئرچیف سہیل امان نے کہا کہ ہم سارا سال ہرلمحے تیار رہتے ہیں، یہ معمول کی آپریشنل سرگرمی ہے اور ہمیں کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم تیارہیں، قوم کو دشمن کے بیانات پر رتی بھر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ قوم کو اعتماد ہونا چاہیے کہ پاک فضائیہ سرحدوں کی حفاظت کے لیئے ہر دم تیار ہے۔ اگر کسی جانب سے بھی مہم جوئی کا سوچا گیا تو ہماری جانب سے پوری طاقت سے جواب ملے گا، اگر دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔