بیروہ// بیروہ تحصیل کے کنہ گنڈ نامی گائوں میں مقیم سو سے زائد مکین پچھلے آٹھ ماہ سے بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں۔ اس پر طرہ یہ کہ محکمہ بجلی فیس وصول کرنے میں کوئی لیت و لعل نہیں کررہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انکا جینا دوبھر ہوگیا ہے ۔بستی کے شاہ محلہ اور بونہ پورہ میں نصب 100کے وی اور 63کے وی بجلی ٹرانسفارمربار بار خراب ہوجاتے تھے جن کی مرمت پر گاوں کی آبادی کو آئے روز چندہ جمع کرانا پڑتا تھا۔مقامی باشندے محمد اشرف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس صورتحال سے تنگ آکر مقامی لوگوں نے اپنی شکایت بجلی حکام کے اعلیٰ آفسران کی نوٹس میں لائی جس کے بعد یہ طے پایا کہ گائوں میںدو نئے ٹرانسفارمر نصب کئے جائیں اور گائوں میں ترسیلی نظام بھی ٹھیک کردیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بہتر نظام کے لئے محکمہ بجلی نے گائوں میںکئی نئے ایگریمنٹ بھی کرلئے لیکن آٹھ ماہ کا عرصہ بیت گیا، کوئی نیا ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ نیا ٹرانسفارمر نصب کرنا تو دور کی بات گائوں کی آبادی پچھلے آٹھ ماہ سے بجلی سے محروم ہے۔بستی کے لوگوں کی مانگ ہے کہ بجلی حکام اس ضمن میں کوئی مؤثر کاروائی کریں تاکہ انہیں مشکلات سے نجات مل سکے۔ اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر پی ڈی ڈی سب ڈیوژن بیروہ محمد جمال شیخ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں اس سے متعلق کوئی جانکاری نہیںہے تا ہم وہ اس بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔