گاندربل/ارشاد احمد/ژپر گنڈ نونر گاندربل کے مقام پر سڑک کی خستہ حالی کے خلاف لوگوں نے احتجاج مظاہرہ کیا۔گوٹلی باغ،ورپش،ژپر گنڈ، باباوائیل اور چھانہ ہار سے آئے ہوئے درجنوں افراد نے سرینگر لیہ شاہراہ پر ٹائر جلا کر ضلع انتظامیہ اور محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ژپر گنڈ گوٹلی باغ سڑک خستہ حال ہوچکی ہے اورکئی برسوں سے اس کی مرمت نہیں کی گئی جس کے باعث عوام کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گوٹلی باغ کے ایک باشندے عمر خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ ژیر گنڈ سے گوٹلی باغ تک چار کلو میٹر سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند سال قبل گاندربل میں منی ہائڈل پروجیکٹ پر کام کے لئے گوٹلی باغ سڑک کی کشادگی کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دیا گیا جس کی وجہ سے روزانہ سرکاری ملازمین،طالب علموں اور تجارت پیشہ افراد کو مشکلات درپیش ہیں۔ احتجاج کے دوران سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئیں۔ایس ایچ او گاندربل نے موقع پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرین کی یقین دہانی کرائی جس کے بعدمطاہرین پرامن طور پرمنتشر ہوگئے۔