سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے افسروں کو ہدایت کہ وہ سرینگر شہر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لائیں تاکہ ان تمام پروجیکٹوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جاسکے۔نائب وزیراعلیٰ نے کل سرینگر شہر کے تفصیلی دورے کے دوران مکانات و شہری ترقی سیکٹر کے تحت جاری مختلف سکیموںکا جائزہ لیا۔ انہوںنے اچھن میں رکھہ آرتھ کالونی کا بھی معائینہ کیا۔مکانات و شہری ترقی کے کمشنر سیکرٹری ہردیش سنگھ ، لاوڈا کے وائس چیئرمین تحسین مصطفی اور ایس ایم سی کے کمشنر کے علاوہ دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈل باسیوں کے لئے تعمیر کی جارہی ہے رکھہ آرتھ ہاوسنگ کالونی کے معائینہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو یہ پروجیکٹ کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کے لئے کہا تاکہ ڈل باسیوں کو مطلوبہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ان کی باز آبادکاری کی وعدہ بند ہے اور اس کالونی میں تمام بنیادی سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات عملانے کی بھی ہدایت دی جن کو 2015ء سے عملایا نہیں گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کالونی کی ترقی پر نگاہ رکھنے کے لئے افسران کو متواتر میٹنگوں کا انعقاد کرنا چاہئے ۔اچھن لینڈ ڈمپنگ سائٹ کے معائینے کے دوران ڈاکٹر سنگھ نے افسران کو ٹھوس کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے پلانٹ پر جاری کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔انہوںنے کہا کہ اس پلانٹ کو وقف کرنے سے شہر سے برآمد ہونے والا کوڑا کرکٹ موزون طریقے پر ٹھکانے لگایاجاسکے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے سرینگر میونسپل کارپوریشن افسران کو اس ماہ کی 29تاریخ تک سگریگریشن مشین نصب کرنے کے احکامات دئیے تاکہ مذکورہ پلانٹ کو 31؍ مئی تک وقف کر کے اسے کار گر بنایا جاسکے ۔انہوں نے محکمہ بجلی کو اس جگہ پر ایک نیا الیکٹرک سب سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت دی۔اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر سنگھ نے کئی عوامی وفود سے اُنہیں درپیش مسائل کے بارے میں جانکا ری حاصل کی۔انہوںنے کہا کہ سرینگرا ور جموںمیں جاری ترقیاتی اور بہبودی پروگراموں کی فوری تکمیل کے احکامات بھی دئیے گئے ہیں۔