سرینگر //صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے کل برزلہ سرینگر میں ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض کے ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں دستیاب طبی سہولیات کاجائزہ لیا۔وزیر نے ہسپتال کے تمام وارڈو ں کا معائینہ کرتے ہوئے مریضوں کے رَش کے تعلق سے بنیادی ڈھانچے ، افرادی قوت ، ادویات ،تشخیصی آلات اور صفائی ستھرائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوںنے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے ساتھ بات چیت کے دوران انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔دریں اثنا وزیرموصوف نے ادارے کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ریاست بھر سے آنے والے مریضوں کے رَش کے پیش نظر وہاں فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری لانے پر بھی متعلقین کے ساتھ غور و خوض کیا۔ اُنہوں نے ہسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر اے آر بڈو کو ہسپتال کے تجدید نو اور سہولیات میں بہتر ی لانے کے لئے ایک تفصیلی پروجیکٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ مذکورہ ہسپتال ریاست کا ایک ایسا واحد طبی ادارہ ہے جو ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا ریاست بھر کے مریضوں کی ضروریات کو پورا کرتا ہے اور حکومت اس ادارے میں تمام جدید سہولیات دستیاب رکھنے کی وعدہ بند ہے۔اُنہوںنے کہا کہ اس ہسپتال کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیر نے مزید کہا کہ ہسپتال میں دستیاب خدمات ، تشخیصی آلات اور دیگر سہولیات میں بہتر ی لانے سے متعلق معاملا ت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔