سرینگر// محکمہ جنگلات کے ملازمین نے شیخ باغ علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے اور تمام زمروں میں محکمانہ ترقی کمیٹیوں کی میٹنگوں کا انعقاد کرنے کا مطالبہ کیا۔ شیخ باغ لالچوک میں بعد از دوپہر محکمہ جنگلات کے ملازم جمع ہوئے اور چیف آفس کا گھیرائو کرنے کی کوشش کی۔ نان گزیٹیڈ فارسٹ افسرس ایسو سی ایشن کے جھنڈے تلے احتجاجی ملازمین نے نعرہ بازی کی۔ملازمین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ درجہ چہارم سمیت تمام زمروں میں محکمانہ ترقی کمیٹیوں کی میٹنگوں کا انعقاد کیا جائے جبکہ محکمہ کی تنظیم نو کے علاوہ عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے۔احتجاجی ملازمین نے مزید بتایا کہ انکی تنخواہوں میں تفاوت کو بھی دور کیا جائے ۔ ایسو سی ایشن کے صدر شیخ بشیر احمد اور صوبائی صدر میر نذیر احمد نے اس موقعہ پر بتایا کہ انکے جائز مطالبات کو پس پردہ رکھا گیا ہے۔انہوںنے الزام لگایا کہ افسران ترقیوں اور تقرریوں کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ دیگر عملے کے مطالبات کو سردخانے کی نذر کیا جا رہا ہے۔