سرینگر//ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد نے یہاں لال منڈی میں ریاستی کلچرل اکادمی کے سیمینارہال میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران تین گوجری کتابوں کی رونمائی کی۔اس دوران نامورادیب چوہدری اقبال عظیم، ڈاکٹرعزیزحاجنی سیکریٹری کلچرل اکادمی، چوہدری سلام دین بجاڑ صدرادبی سنگت ، چوہدری جی ۔ڈی طاہر صدر دوردرشن کیندرسرینگر، پروفیسر عبدالطیف کھٹانہ نیشنل سکول آف ڈرامانئی دہلی، ڈاکٹرجاویدراہی چیف ایڈیٹرگوجری کلچرل اکادمی ، قیصردین قیصر اور چوہدری غلام عباس پریس انفارمیشن بیورو ایوان صدارت میں شامل تھے۔اس موقعہ پر عبدالغنی عارف کا’تاہنگ‘‘، عبدالحمید کھٹانہ کا ’لشکارہ‘ اور چوہدری تاج الدین تاج کا ’’خواب سلونہ ‘‘نامی تین شعری مجموعے ریلیزکئے گئے ۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے میاں الطاف احمد نے کہاکہ گوجری گذشتہ کچھ سالوں میں بڑی تیزی کے ساتھ ترقی کرنے والی ادبی زبان کے طورپراُبھری ہے جس کاسہرا ادباء، شعرا،محققین ،فنکاروں اورادبی اداروں کوجاتاہے۔انہوں نے عبدالغنی عارف، حمیدکسانہ اورتاج الدین تاج کو ادبی کام کیلئے مبارکبادپیش کی۔ڈاکٹرعزیزحاجنی سیکریٹری کلچرل اکادمی نے کہاکہ گوجری سیکشن نے کتابوں کی اشاعت میں کافی اچھاکام کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ جلدہی اکادمی پیرپنچال میں گوجری موسیقی کاپروگرام منعقدکرے گی۔ڈاکٹرجاویدراہی ایڈیٹر ان چیف گوجری سیکشن کلچرل اکادمی نے گوجربکروال قبیلہ کے لوگ ہندوستان، پاکستان، افغانستان کے علاوہ متحدہ عرب امارات ، برطانیہ ودیگرممالک میں پھیلے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نئی گوجری شعری مجموعوں کو انٹرنیٹ پراپ لوڈ کیاجائے گاتاکہ پوری دنیا کے گوجری زبان وادب سے لگائورکھنے تک کویہ دستیاب کروائی جاسکیں۔قبل ازیں چوہدری سلام دین بجاڑ صدر ادبی سنگت کشمیر نے استقبالیہ خطاب میں تنظیمی کی سرگرمیوں پرروشنی ڈالی۔اس موقعہ پر چوہدری اقبال عظیم، قیصرالدین قیصر، ایم منشاخاکی، مجیدحسرت، عبدالسلام کوثری اوررفاقت غازی نے بھی خیالات کااظہارکیا۔