سرینگر//عوام تک پہنچنے کے اپنے اقدام کو جاری رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کولگام ضلع کے کئی علاقوں کا دورہ کر کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی ۔ انہوں نے مشکلات کے ازالے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ نے کلم ، قاضی گنڈ ، دیو سر ، میر بازار ، یور خوشی پورہ اور کنڈ کا دورہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے دیو سر کے دورے کے دوران عوامی مشکلات سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ علاقے میں صحت خدمات کو بہتر بنانے کے علاوہ رینج آفس کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا ۔ یور خوشی پورہ میں وزیر اعلیٰ نے پرایمری ہیلتھ سنٹر کے مختلف یونٹوں کا معائینہ کر کے اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ میر بازار کے دورے کے دوران عوام نے نالہ ویشو پر تحفظاتی باندھ تعمیر کرنے کی مانگ کی ۔ بونگام کے لوگوں نے وزیر اعلیٰ کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے سنگران میں ریلوے پوائینٹ ، جموں کشمیر بنک کی شاخ کے قیام اور مقامی ہیلتھ سب سنٹر کو پرایمری ہیلتھ سنٹر کے طور ترقی دینے کی مانگ کی ۔ وزیر اعلیٰ نے گنڈ پورہ ، بوٹینگو ، بچھی گام ، رزلو ، واری پورہ اور نوباغ میں عوام کے مطالبات سُنے ۔ وار پورہ میں وزیر اعلیٰ نے آگ کی ایک حالیہ واردات کے متاثرین میں مالی معاونت تقسیم کی ۔