کپوارہ//وادی کشمیر میں نا مساعد حالات کی آ ڑ میں منشیات اور نشیلی ادویات کے کارو بار میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ 5مہینو ں سے منشیات اور نشیلی ادویات کی خرید و فروخت نے سنگین رخ اختیار کیا ہے تاہم کپوارہ پولیس کی بروقت کاروائی نے اس کارو بار میں ملو ث افراد کا پر دہ چاک کرمنشیات کی بھاری کھیپ ضبط کی اور کئی افراد کو دھر لیا۔پولیس کے مطابق اس بدعت میں درجنو ں نوجوان مبتلا ہیں جس کی وجہ سے یہ والدین اور سماج کے لئے بوجھ بن گئے ہیں ۔کپوارہ پولیس نے اس بدعت کو جڑ سے اکھا ڑ پھینکنے کے لئے جو اقدامات اٹھائیں ہیں اس کے لئے والدین اور سماج کے ہر ذی شعور لوگو ں کو پولیس سے تعاون کرنا ضروری بن گیا۔ تازہ کاروائی کے دوران کپوارہ پولیس نے درگمولہ اور کرالہ پورہ علاقوں میں منشیات کی بھاری کھیپ ضبط کی جبکہ اس کاروبار میں ملو ث 3افراد کو دھر لیا گیا ۔ایس ایس پی کپوارہ شمشیر حسین خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کرالہ پورہ پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر کرالہ پورہ دردپورہ سڑک پر ناکہ لگایا جس کے دوران پولیس نے ایک مشکوک شہری جاوید احمد خواجہ ساکن درد پورہ کو پکڑا اور اس کی تلاشی لی جس کے دوران ان کی تحویل سے ایک کلو براﺅن شوگر ضبط کیا جبکہ ایک اور پولیس ٹیم نے برمری درگمولہ علاقہ میں دو افراد جن میں بشیر احمد شیخ اور جہا نگیر احمد ملہ شامل ہیں کو گرفتار کیا اور ان کی تحویل سے ایک کلو ہیروئن ضبط کیا ۔ایس ایس پی نے مزید بتا یا کہ پولیس نے کرالہ پورہ اور درگمولہ علاقوں میں گرفتار کئے گئے منشیات سمگلرو ں کے خلاف دو الگ الگ کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔انہو ں نے کہا کہ کپوارہ پولیس نے گزشتہ کئی مہینو ں سے منشیات کے خلاف ایک زور دار مہم چھیڑ رکھی ہے جس کے دوران اب تک پولیس نے 28افراد کو دھر لیا اور ان کی تحویل سے 10کلو چرس ،2کلو ہیروئن ،4کلو براﺅن شوگر اور بھاری مقدار میں کو ڈین ضبط کی ہے ایس ایس پی کپوارہ نے بتا یا کہ پولیس کی منشیات مخالف میں لو گو ں کا تعاون ضروری ہے تاکہ ہماری نوجوان پود کو اس بدعت سے بچایا جائے ۔انہو ں نے کہا کہ اگر پولیس کو عوام کا تعاون فراہم نہیں ہوگا تو مستقبل قریب میں نوجوانو ں کی بڑی تعداد اس دلدل میں پھنس جائیں گے ۔