سرینگر//پھولبانی محکمہ کی جانب سے کل ٹیولپ فیسٹول کے دوران منعقدہ تقریبات میں شرکت کرنے والوں کے لئے ایک اعزازی تقریب کا اہتمام کیا۔اس موقعہ پر پھولبانی کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ تقریب پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاروق احمد شاہ نے سیاحتی صنعت کو ریاست کی اقتصادیات میں ریڑھ کی ہڈی کے مترادف قراردیا۔انہوں نے کہا کہ گلِ لالہ کو مزید رقبے پر اُگایا جائے گااور اگلے سیزن میں پھول کی مزید اقسام متعارف کی جائیں گی۔سیکرٹری موصوف نے کہا کہ حکومت باغوںاور باغیچوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ جواہر نگر علاقے میں 8 پارکوں پر یہ کام جاری ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ ڈہلیا پارک کو 15 روز کے اندر عوام کے لئے کھولا جائے گا۔ٹیولپ گارڈن کے رکھ رکھائو کے لئے پھولبانی محکمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے فاروق احمد شاہ نے کہا کہ اس برس 2لاکھ سے زائد سیاحوں اور مقامی لوگوں نے باغِ گلِ لالہ کی سیر کی ۔ اُنہوں نے ٹیولپ فیسٹول 2017ء کے مقابلوں میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبِ علموں کو بھی مبارک باد دی۔فارو ق احمد شاہ نے اس طرح کے مزید پروگراموں کے انعقاد پر زور دیا۔بعد میں سیکرٹری موصوف نے مختلف سکولوں کے طالب علموں اور وادی کے معروف فنکاروں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ٹیولپ فیسٹول یکم اپریل 2017ء کو شروع ہوا تھا۔