جموں //محکمہ جاتی سٹینڈنگ کمیٹی نے محکمہ بجلی کے حکام کو پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں کام کر رہے ڈیلی ویجروں کی نوکریاں محکمہ بجلی کے ڈیلی ویجروں کی طرز پر باقاعدہ بنانے کی ہدایت دی ۔ یہ ہدایت محکمہ جاتی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین رُکنِ کونسل رومیش ارورہ نے محکمہ بجلی اور پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی میٹنگ کے دوران دی ۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ریاست کے بجلی سے محروم تمام دیہات اور بستیوں تک ترجیح بنیاد پر بجلی فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ قانون ساز کونسل اراکین شوکت حسین گنائی ، محمد خورشید عالم ، فردوس احمد ٹاک ، نریش کمار گپتا اور جی ایل رینہ بھی میٹنگ میں موجود تھے اور محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنا کر اسے ایک موثر اور فعال ادارہ بنانے کیلئے اپنی آراء پیش کی ۔ اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری محکمہ بجلی نے ریاست میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع و تجدید کیلئے جاری مختلف سکیموں بشمول مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں بھی کمیٹی کو تفصیل دی ۔ دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ جموں اور کشمیر صوبوں کے 21 اضلاع کے 83 بجلی سے محروم دیہات تک بجلی پہنچانے کیلئے ڈی ڈی یو جی جے وائی کے تحت 619.67 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کی جانب سے صارفین کو مختلف خدمات کی موثر فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں تا کہ ریاست میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لائی جا سکے ۔ کمیٹی نے محکمہ کے دیگر مسائل بشمول ریاست میں بجلی پروجیکٹوں پر جاری کام میں سرعت لانے، لائین مینوں کی خالی آسامیوں کو پُر کرنے ، سرینگر اور جموں شہروں میں سمارٹ میٹروں کی تنصیب اور سٹریٹ لائیٹوں کی تنصیب وغیرہ پر غور و خوض ہوا ۔