جموں //سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن سے رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین نے جمعرات کے روز پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ مقررین نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایس آر ٹی سی انتظامیہ کی طرف سے ان کے مطالبات کو نظر انداز کئے جانے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائر شدہ ملازمین پچھلے قریب دس سال سے اپنے مطالبات کے حق میں جد و جہد کر رہے ہیں لیکن ان کے مطالبات کی طرف دھیان نہیں دیا جا رہا ہے ۔ ان کی مانگوں میں کولا کی 16قسطیں جو یکم جنوری 2006سے واوجب الادا ہیں کے علاوہ 2007کی 18، 2007کی 20،2008کی 35،2009کی31اور اپریل 2010تک واجب الادا اقساط کی ادائیگی کے علاوہ چھٹے پے کمیشن کے بقایہ جات واگزار کئے جانے کی مانگ کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کل126سلیب واجب الادا ہیں جن کے لئے ملازمین کے حق میں رقومات واگزار کی جانی چاہئے۔ انہوں نے سابق حکومت پر فریب دہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریٹائر منٹ کے وقت انہیں 60دن کے اندر تمام واجبات کی ادائیگی کا یقین دلایا گیا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا بلکہ سالہا سال سے وہ اپنا حق لینے کے لئے سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کر دئیے گئے ہیں۔