رام بن//ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی پورجیکٹوں و سکیموں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ضلع کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے بعد ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر رام بن محمد اعجاز ،اے ڈی ڈی سی رویندر سادھو، اے ڈی سی انگریز سنگھ رانا ،ایس ایس پی منوہر لعل، سی پی او او تم سنگھ،ایس ایس پی ٹریفک و دیگر آفیسران موجود تھے۔میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے آنے والے سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے یاتر ا ضلع سے گُذرنے کے لئے معقول انتظامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔قومی شاہراہ کو ناشری سے بانہال تک کی سڑک پربہتر رکھ رکھائو کے لئے بھی ہدایات جاری کئے گئے۔اُنہوں نے شاہراہ پر کسی بھی صوت حال سے نمٹنے کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔انہوں نے متبرک رمضان کے مہینہ اور یاترا سیزن کے دوران بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام آفیسران کو آپس میں تال میل بنانے کے لئے کہا۔اُنہوں نے یاترا روٹ پر بقایا کام کو فوری طور مکمل کرنے کی انجینئروں کو ہدایت دی۔اُنہوں نے ضلع میں جاری تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کو بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے عام لوگوں کی بھلائی کے لئے ایک صاف و شفاف و جوابدہ انتظامیہ کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقعہ پر سول سوائٹی ممبران سابقہ ایم ایل اے اشوک ڈوگرہ، وشو بندو، شام سنگھ، عبدل غنی، عارف وانی ،ارون سنگھ راجو،چودھری فاروق اور مشتاق نظامی نے بھی ڈویژنل کمشنر سے ملاقات کی اور ضلع ہسپتال میں ڈاکٹروں و دیگر سٹاف کی کمی ،پینے کے پانی کی سپلائی کرنے کے مسائل کے علاوہ سکولوں اور صحت مراکز میں سٹاف کی کمی،راشن کی کمی، اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی،ٹنل چالو ہونے کے بعد بٹوت کو تنہا چھوڑنے کا معاملہ، تعمیراتی کمپنیوں میں مقامی نوجوانوں کو روز گار مہیا کرنے وغیرہ مطالبات پیش کئے اور انکا فوری طور ازالہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ڈویژنل کمشنر نے ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای کو ہدایت دی کہ وہ رام بن کے موجودہ فلٹریشن پلانٹ کو کار گر بنائیں۔انہوں نے میونسپل کمیٹیوں کے ای اوز کو ہدایت دی کہ تمام سٹریٹ لائٹوں کو کار گر بنائیں اور اپنے اپنے علاقوں میں صحت و صفائی کو یقینی بنائیں۔اس سے قبل ڈویژنل کمشنر نے امر ناتھ کے لئے مجوزہ یاترا کیمپوں اور لنگروں کا دورہ کیا اور یاترا خوش ا سلوبی سے منعقد کرنے کے لئے کئی ہدایات اجرا کئے۔اُنہوں نے میٹنگ میں ڈیزاسٹر تیاریوں پلان پر بھی گفت و شنید کی انہیں بتایا گیا کہ ضلع میں ایسے 13 شیڈ بنائے گئے ہیں۔انہوں نے محکمہ مال کے عملہ سے فیلڈ میں باقاعدگی سے دورہ کرنے کی ہدایت دی۔