اوڑی// فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستانی باڈر ایکشن ٹیم (بیٹ) سے منسلک دو جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ بیٹ سے منسلک دو اسلحہ برداروں کو اْس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ بھارتی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملے کے ارادے سے بھارتی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔ وزارت دفاع ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق اوڑی سیکٹر کے گل ہٹہ چوکی کے نزدیک دو بھاری مسلح بندوق بردار جمعہ کی صبح ہندوستانی حدود میں داخل ہوگئے اور فوج کی ایک گشتی پارٹی پر گھات لگاکر حملہ کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ تاہم مستعد فوجیوں نے بندوق برداروں کو دیکھتے ہی گولیاں چلائیں، جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر جھڑپ کا آغاز ہوا‘۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو دراندازوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک دراندازوں کی شناخت بعدازاں پاکستانی بارڈر ایکشن ٹیم سے منسلک اہلکاروں کے بطور کی گئی ۔راجیش کالیا نے بتایا کہ اس ماہ کے اوائل میں پاکستانی فوج نے ایسی ہی ایک کارروائی میں ہماری فوج کے دو اہلکاروں کی لاشیں مسخ کی تھیں۔ خیال رہے کہ 21 مئی کو شمالی ضلع کپواڑہ کے نوگام سیکٹر میں جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی ایک خونریز جھڑپ میں 4 جنگجو اور 3 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔