مظفر آباد //بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں سرحدی گاؤں میں ایک پاکستانی خاتون ہلاک ہوگئیں۔بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا جانے والا شیل ضلع بھمبر کے گاؤں نالی میں ایک گھر میں گرا جس کے نتیجے میں 60 سالہ فرزند بیگم اہلیہ نور حسین ہلاک ہوگئیں۔خیال رہے کہ نالی گاؤں تحصیل بارنالہ میں آتا ہے لیکن یہ تحصیل سامہانی سے منسلک ہے جسے ماضی میں بھارتی فورسز نے متعدد مرتبہ فائرنگ کا نشانہ بنایا۔بارنالہ تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او حنیف علی نے بتایا تھا کہ بھارتی فورسز نے رات 3 بچے شلنگ کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں ہلاکت صبح 4 سے 5 کے درمیان ہوئی تھی۔مذکورہ خاتون کی ہلاکت کے بعد رواں ماہ بھارتی فورسز کی اشتعال انگیز فائرنگ کے نیتجے میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے جبکہ ان واقعات میں کم سے کم 30 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔