ہندوارہ//کانگریس ترجمان آنند شرما کے اس بیان پر ،کہ کانگریس کا منی شنکر آئر کی کشمیر میں جاری سرگرمیوں کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے،رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام ویسے بھی ہندوستان کی کسی بھی پارٹی سے یہ توقع نہیں رکھتے ہیں کہ اسے کشمیریوں کی ذرہ سی بھی فکر ہے اور وہ سنجیدگی سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتی ہے۔ یہاں زندگی کے مختلف طبقوں سے وابستہ لوگوں سے تبادلہ¿ خیال کے دوران انجینئر رشید نے کہا کہ جس طرح بی جے پی نے یشونت سنہا کے مشن کشمیر کو انکی ذاتی سرگرمی بتاکر خود کو ان سے الگ کردیا اسی طرح کانگریس نے بھی منی شنکر ائر سے پلو جھاڑ دیا ہے حالانکہ یہ بات سمجھنے کی ہے کہ مسٹر سنہا اور ائر دونوں ہی ایک سوچے سمجھے سرکاری منصوبے کے تحت کام کر رہے ہیں۔انجینئر رشید نے اس موقعہ پر کہاکہ اگر کانگریس مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کبھی سنجیدہ رہی ہوتی تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ مسئلہ کشمیر دہائیوں قبل حل نہ ہوا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ بدلے ہوئے حالات میں ہو سکتا ہے کہ کوئی فرد یا جماعت کانگریس کے حوالے سے اس زعم میں مبتلا ہوتی کہ وہ واقعی کشمیریوں کی فکر کرنے لگی ہے تو ان لوگوں کو آنند شرما کے بیان کو دیکھتے ہوئے بیوقوفوں کی جنت سے باہر آنا چاہیئے۔