سرینگر //رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہونے کے تناظر میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران پوری ریاست میں اس حوالے سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ نے آنے والے مہینے کے دوران بجلی ، پانی ، اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ محبوبہ مفتی نے واضح طور سے ہدایات دیں کہ صارفین کیلئے بجلی ، پانی ، کھانڈ ، گوشت ، دودھ اور دیگر ضروری چیزیں بلا کسی رکاوٹ کے دستیاب رکھی جانی چاہئیں ۔ انہوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن اور شہری بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ مذہبی مقامات کو جانے والی سڑکوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے دورانِ شب گلی کوچوں پر آوارہ کتوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایات دیں تا کہ فجر اور تراوی کے دوران لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیر اعلیٰ نے شہر کے علاوہ ریاست کے بڑے قصبوں اور قومی شاہراہ پر صبح اور شام کے وقت ٹریفک کی بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے مناسب تعداد میں ٹریفک عملہ معمور کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے خاص طور سے ونپو ، بیجبہاڑہ ، اونتی پورہ ، پانپور ، پارمپورہ ، پٹن ، بارہمولہ اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک کی نقل و حمل آسان بنانے کی ہدایات دیں ۔ محبوبہ مفتی نے مقدس ایام کے دوران زائرین کیلئے درگاہ حضرت بل ، جامع مسجد سرینگر ، جامع مسجد جموں ، حضرت پیر دستگیر صاحب سرینگر اور دیگر مذہبی مقامات تک ٹرانسپورٹ کے بہتر انتظام کرنے کی بھی ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات کے نزدیک گرمی کا موسم مدِ نظر رکھتے ہوئے طبی سہولیات بھی دستیاب رکھی جانی چاہئیں ۔ محبوبہ مفتی نے کشمیر ہارٹ، زیرو برج ، سنگر مال کمپلیکس اور ضلع ہیڈ کوارٹروں پر اسی طرح کے کچھ مقامات کو منجملہ افطار کیلئے تیار کرنے کی بھی ہدایات دیں تا کہ رمضان کی عظمت کا احساس ہو سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے بجلی حکام کو ہدایت دی کہ دارلخلافائی شہروں میں بڑی لائیٹیں نصب کی جانی چاہئیں خاص طور سے ڈاو¿ن ٹاو¿ن سرینگر ، جامع مسجد اور خانقاہ معلیٰ کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے سحری اور افطار کے دوران بلا خلل بجلی سپلائی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کلچرل اکیڈمی سے کہا کہ وہ اس بابرقت مہینے کے دوران قرات ، نعت اور قوالی مقابلوں کا انعقاد کریں تا کہ رمضان المبارک کی عظمت کو اجاگر کیا جا سکے ۔ اس موقعے پر انتظامات کے حوالے سے ڈویژنل کمشنر کشمیر نے جانکاری دی کہ رمضان المبارک کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے اور ضلع ہیڈ کوارٹروں پر کنٹرول روم بھی قایم کئے گئے ہیں جن کے ساتھ لوگ مشکلات آنے کی صورت میں رابطہ قایم کر سکتے ہیں ۔ تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر ، وزراءمملکت فاروق اندرابی اور آسیہ نقاش کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔