ترال//سرکار کی جانب سے سب ڈویژن ترال کو نظر انداز کر کے تحصیل صدرمقام اونتی پورہ میںایڈ شنل ڈپٹی کمشنرکا دفتر قائم کرنے کے فیصلے کیخلاف لوگوں نے مظاہرے کر کے سنیچر کو تمام طبقات کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ سرکار کی جانب سے 25 مئی جمعرات کو شام دیر گئے ایک حکم نامہ663GAD.25.05-2017 جاری کر کے ایس ڈی ایم ترال ریاض احمد ملک کی تبدیلی کے احکامات صادر کئے گئے جبکہ متبادل جگہ پر کسی کو تعینات نہیں کیا گیا۔ اسی حکمنا مے کے مطابق تحصیل صدر مقام اونتی پورہ میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکا دفتر قائم کرنے کے احکامات صادر کر کے الطاف احمد خان (کے اے ایس )کوایڈشنل ڈپٹی کمشنر اونتی پورہ تعینات کیا گیا ہے۔خبر علاقے میں پھیلتے ہی ترال کی آبادی میں غم و غصے کی لہر دوڑگئی اورجمعہ کو سیول سوسائٹی،ٹریڈرس فیڈریشن ،ٹریڈ یونین کے علاوہ دیگر مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی انجمنوں نے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کر کے علاقے میں مکمل ہڑتال اور پر امن احتجاج شروع کیا جس کے دوران تمام کاروباری ادارے بند ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ کی نقل حمل بھی متاثر ہوئی ۔نماز جمعہ کے بعد خانقاہ فیض پناہ ترال سے ایک پر امن احتجاجی جلوس نکالا گیا جسکی معروف ٹریڈ یونین لیڈر فاروق ترالی نے قیادت کی ۔ احتجاج کے بعد فاروق ترال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ ترال کے ساتھ آج تک ہر معاملے میں نا انصافی کی گئی ہے جس کو اب برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سنیچر کو علاقے میں سیول سوسائٹی ،ٹریڈ یونین،ٹریڈرس فیڈریشن،ٹرانسپورٹ یونینوں کے ذمہ داران کے علاوہ دیگر طبقہ ہائے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ایک ہنگامی اجلاس ہوگاجس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گااور کوئی بھی قربانی دینے سے گریزنہیں کیا جائے گا۔ سیول سوسائٹی ترال چیئرمین اشفاق احمد کار نے کشمیر عظمی ٰ کو بتایاکہ اب نا انصافی کی انتہاہوئی ہے کیونکہ سب ڈویژن کے 114 دیہات کی دو لاکھ آبادی کو نظر انداز کر کے32 گاﺅں کو تر جیح دی گئی ہے جبکہ تحصیل صدر مقام میں ڈی ایف اودفتر،ایمز ہسپتال ، قائم کیا گیا ہے دوسری جانب ترال کے لئے فراہم کردہ بورڑ آف سکول ایجوکیشن کادفتر کو بھی ترال کے بجائے سیاسی بنیادوں پر پانپور میں قائم کیا گیا ہے ۔ دیر سے ملی اطلات کے مطابق سرکار نے ایک آرڈر نمبر 665.GAD-of 2017 تاریخ 26-05-2017کے تحت ایس ڈی ایم ترال ریاض احمد ملک کے تبدیلی کو فی الحال موخر کرکے انہیں ترال میں ہی اپنے فرائض انجام دینے کے لئے کہا ہے ۔جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے حوالے سے تاحال صوتحال جوں کی توں ہے۔